Maktaba Wahhabi

435 - 442
کرے، تو پھر اسے مکمل کہاں سے کرے؟ جواب :جب جماعت کھڑی ہو جائے اور انسان طواف کر رہا ہو تو طواف خواہ عمرے کا ہو یا حج کا یا نفل ہو، وہ طواف چھوڑ کر نماز شروع کر دے۔ نماز سے فراغت کے بعد واپس آکر باقی طواف مکمل کرے اور اسے از سر نو شروع نہ کرے بلکہ جہاں اسے چھوڑا تھا، وہاں سے دوبارہ شروع کرے کیونکہ اس نے جس قدر طواف پہلے کیا، وہ صحیح بنیاد پر کیا تھا اور اذن شرعی کے تقاضے کے مطابق کیا تھا، لہٰذا کسی شرعی دلیل کے بغیر اسے باطل قرار نہیں دیا جا سکتا۔ کیا سعی طواف سےپہلے کی جا سکتی ہے ؟ سوال ۴۹۷: جب عمرہ کرنے والا طواف سے پہلے سعی کر لے اور طواف بعد میں کرے، تو اس پر کیا لازم ہے؟ جواب :جب عمرہ کرنے والا طواف سے پہلے سعی کرے اور پھر اس کے بعد طواف کرے، تو اسے صرف سعی ہی دوبارہ کرنا پڑے گی کیونکہ طواف وسعی میں ترتیب واجب ہے جیسا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے دونوں میں ترتیب کو قائم رکھا تھا اور آپ نے فرمایا تھا: ((لِتَأخُذُوا مَنَاسِکَکُمْ))( صحیح البخاری، العلم، باب الفتیا وہو واقف علی الدابۃ وغیرہا، ح: ۸۳، وصحیح مسلم، الحج، باب استحباب رمی جمرۃ العقبۃ یوم النحر، ح: ۱۲۹۷، واللفظ لہ۔) ’’تمہیں مناسک حج سیکھ لینے چاہئیں۔‘‘ اور جب ہم آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے مناسک کے مطابق عمل کریں تو ہم پہلے طواف کریں گے اور پھر سعی کریں گے۔ اگر کوئی یہ کہے کہ میں پہلے سعی سے تھک گیا ہوں تو ہم اس سے یہ کہیں گے کہ اسے تھکاوٹ کا اجر و ثواب تو ملے گا لیکن اسے غلطی پر برقرار نہیں رکھا جا سکتا۔ بعض تابعین اور بعض علماء نے یہ کہا ہے کہ اگر عمرے میں کوئی شخص بھول جانے یا عدم واقفیت کی وجہ سے طواف سے پہلے سعی کر لے، تو اس پر کچھ لازم نہیں جیسا کہ اس صورت میں حج میں کچھ لازم نہیں ہے۔ اضطباع کسےکہتےہیں ؟ سوال ۴۹۸: اضطباع سے کیا مراد ہے اور یہ کب مشروع ہے؟ جواب :اضطباع یہ ہے کہ انسان اپنے دائیں کندھے کو ننگا کر لے اور چادر کے کناروں کو بائیں کندھے پر ڈال لے۔ یہ طواف قدوم میں ہے، اس کے علاوہ دیگر کسی طواف میں اس کا حکم نہیں ہے۔ نفلی سعی جائز نہیں سوال ۴۹۹: کیا نفلی سعی بھی جائز ہے؟ جواب :نفلی سعی جائز نہیں ہے کیونکہ سعی حج یا عمرے ہی کے ساتھ مخصوص ہے، جیسا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿اِنَّ الصَّفَا وَ الْمَرْوَۃَ مِنْ شَعَآئِرِ اللّٰہِ فَمَنْ حَجَّ الْبَیْتَ اَوِاعْتَمَرَ فَلَا جُنَاحَ عَلَیْہِ اَنْ یَّطَّوَّفَ
Flag Counter