Maktaba Wahhabi

234 - 442
کیا بےہوش اور دیوانے پر شرعی احکام لاگو ہوتےہیں ؟ سوال ۱۸۳: جس شخص کی یادداشت ختم ہو جائے اور جو بے ہوش ہو، کیا ان کے لیے بھی شرعی احکام لازم ہیں؟ جواب :اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے انسان پر عبادات کو اسی صورت میں واجب قرار دیا ہے جب وہ وجوب کا اہل ہو یعنی وہ صاحب عقل ہو اور اسے اشیاء کا ادراک ہو، لہٰذا جو شخص بے عقل ہو اس کے لیے احکام شریعت لازم نہیں ہیں۔ اسی طرح وہ چھوٹا بچہ جسے برے بھلے کی تمیز نہ ہو اس پر بھی لازم نہیں ہے بلکہ وہ بچہ جو ابھی بالغ نہ ہو وہ بھی مکلف نہیں۔ یہ اللہ تعالیٰ کی اپنے بندوں پر رحمت ہے، اسی طرح وہ کم عقل جو ابھی حد جنون کو نہ پہنچا ہو اور بڑی عمر کا وہ شخص جس کی یادداشت ختم ہوگئی ہو ان پر بھی نہ نماز واجب ہے اور نہ روزہ کیونکہ جس شخص کی یادداشت ختم ہوگئی ہو وہ اس بچے کی طرح ہے جسے اچھی بری بات میں تمیز نہ ہو، اس سے احکام شریعت کی پابندی ساقط ہوگی اس پر احکامات شرعیہ لازم نہ ہوں گی۔ جہاں تک مالی واجبات کا تعلق ہے تو وہ اس کے مال میں واجب ہوں گے، خواہ اس کی یادداشت ختم ہوگئی ہو، مثلاً: زکوٰۃ اس کے مال میں واجب ہوگی۔ اس کے ولی کے لیے واجب ہوگا کہ وہ اس کے مال میں سے زکوٰۃ ادا کرے کیونکہ وجوب زکوٰۃ کا تعلق مال سے ہے جیسا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿خُذْ مِنْ اَمْوَالِہِمْ صَدَقَۃً تُطَہِّرُہُمْ وَ تُزَکِّیْہِمْ﴾ (التوبۃ: ۱۰۳) ’’ان کے مال میں سے زکوٰۃ قبول کر لو کہ اس سے تم ان کو (ظاہر میں بھی) پاک اور (باطن میں بھی) پاکیزہ کرنے رہو گے۔‘‘ تو یہاں یہ فرمایا ہے کہ ﴿خُذْ مِنْ اَمْوَالِہِمْ﴾ ’’ان کے مال میں سے قبول کر لو‘‘ اور یہ نہیں فرمایا کہ ان سے قبول کر لو اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت معاذ رضی اللہ عنہ کو یمن بھیجتے ہوئے فرمایا تھا: ((فَأَعْلِمْہُمْ أَنَّ اللّٰہَ افْتَرَضَ عَلَیْہِمْ صَدَقَۃً فِی أَمْوَالِہِمْ تُؤْخَذُ مِنْ أَغْنِیَائِہِمْ وَتُرَدُّ عَلٰی فُقَرَائِہِمْ)) (صحیح البخاری، الزکاۃ، باب وجوب الزکاۃ، ح: ۱۳۹۵ وصحیح مسلم، الایمان، باب الدعاء الی الشہادتین وشرائع الاسلام، ح:۱۹۔) ’’لہٰذا انہیں آگاہ کر دو کہ اللہ تعالیٰ نے ان کے مالوں میں صدقہ فرض کیا ہے جو ان کے دولت مندوں سے لے کر ان کے فقیروں میں تقسیم کر دیا جائے گا۔‘‘ لہٰذا مالی واجبات اس شخص سے بھی ساقط نہیں ہوتے جس کی یادداشت ختم ہوگئی ہو۔ لیکن بدنی عبادتیں، مثلاً: نماز، طہارت اور روزہ جیسی عبادات اس شخص سے ساقط ہو جاتی ہیں کیونکہ وہ بے عقل ہے اور جس شخص کی عقل بے ہوشی اور مرض وغیرہ کی وجہ سے زائل ہو جائے، اکثر اہل علم کے قول کے مطابق اس پر نماز واجب نہیں ہے، اس لئے اگر مریض ایک یا دو دن بے ہوش رہے تو اس پر قضا لازم نہیں ہے کیونکہ اس میں عقل نہیں ہے اور اسے سوئے ہوئے انسان کی طرح بھی قرار نہیں دیا جا سکتا، جس کے بارے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے: ((مَنْ نَام عنَ صَلَاۃً اَوْ نَسیھافلیُصَلِّیَہَا إِذَا ذَکَرَہَا)) ( صحیح البخاری، المواقیت
Flag Counter