Maktaba Wahhabi

326 - 442
جب امام خطبہ دے رہا ہو تو سلام کہنے اورجواب دینے کا کیا حکم ہے ؟ سوال ۳۲۸: جب امام خطبہ دے رہا ہو تو سلام کہنے کے بارے میں کیا حکم ہے؟ اور سلام کا جواب دینے کے بارے میں کیا حکم ہے؟ جواب :انسان( جب مسجد میں) آئے اور امام خطبہ دے رہا ہو تو وہ ہلکی پھلکی دو رکعتیں پڑھ کر بیٹھ جائے اور کسی کو سلام نہ کہے۔ اس حال میں لوگوں کو سلام کہنا حرام ہے کیونکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے: ((اِذَا قُلْتَ لِصَاحِبِک أنصتَ یَوْمَ الْجُمُعَۃِ وَالْإِمَامُ یَخْطُبُ فَقَدْ لَغَوْتَ))( وصحیح البخاری، الجمعۃ، باب الانصات یوم الجمعۃ والامام یخطب، ح: ۹۳۴، وصحیح مسلم، الجمعۃ، باب فی الانصات یوم الجمعۃ فی الخطبۃ، ح: ۸۵۱ (۱۱) واللفظ لمسلم۔) ’’جب جمعہ کے دن دوران خطبہ تم اپنے ساتھی سے یہ کہو کہ خاموش ہو جاؤ تو بھی تم نے لغو کام کیا۔‘‘ اسی طرح آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ بھی فرمایا: ((وَمَنْ مَسَّ الْحَصٰی فَقَدْ لَغَا)) (سنن ابی داود، الصلاۃ، باب فضل الجمعۃ، ح: ۱۰۵۰، وجامع الترمذی، الصلاۃ، باب ماجاء فی الوضوء یوم الجمعۃ، ح:۴۹۸۔) ’’جس نے کنکری کو چھوا، اس نے لغو کام کیا۔‘‘ اس لغو کام سے جمعے کا ثواب ختم بھی ہو سکتا ہے، اسی لیے حدیث میں آیا ہے: ((وَمَنْ لَغَا فلا جمعۃ لہ)) (سنن ابی داود، الصلاۃ، باب فضل الجمعۃ، ح: ۱۰۵۱۔) ’’جس نے لغو کام کیا، اسے اس کوجمعہ سے کچھ حاصل نہ ہوا۔‘‘ اگر کوئی تمہیں سلام کہے تو تم الفاظ کے ساتھ اس کا جواب نہ دو، یعنی اسے وعلیک السلام نہ کہو، خواہ اس نے تمہیں السلام علیک کے الفاظ کہے ہوں، البتہ مصافحہ کرنے میں کوئی حرج نہیں اگرچہ زیادہ بہتر ہے کہ مصافحہ بھی نہ کیا جائے۔ بعض اہل علم نے کہا ہے کہ بندہ سلام کا جواب دے سکتا ہے لیکن صحیح بات یہ ہے کہ اسے سلام کا جواب نہیں دینا چاہیے کیونکہ خطبہ سننے کا وجوب سلام کا جواب دینے کے وجوب سے مقدم ہے، پھر کسی مسلمان کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ اس حالت میں سلام کرے کیونکہاس کا سلام کرنا لوگوں کو خطبہ سننے سے دوسری طرف مشغول کر دے گا جبکہ خطبہ سننا واجب ہے، لہٰذا صحیح بات یہ ہے کہ جب امام خطبہ دے رہا ہو تو نہ تو سلام کیا جائے اور نہ ہی سلام کا جواب دیا جائے۔[1]
Flag Counter