Maktaba Wahhabi

109 - 442
تخفیف کر دی جائے جب تک یہ دونوں شاخیں خشک نہ ہوں۔‘‘ یہ حدیث اس بات کی دلیل ہے کہ عذاب میں تخفیف کر دی جاتی ہے لیکن سوال یہ ہے کہ ان دوشاخوں کا عذاب دیے جانے والے ان دو شخصوں کے عذاب میں تخفیف سے کیا تعلق ہے؟ اس کا ایک جواب تو یہ دیا گیا ہے کہ دونوں شاخیں اس وقت تک جبتک خشک نہ ہوں اللہ کی تسبیح بیان کرتی رہیں گی اور تسبیح میت کے عذاب میں تخفیف کا سبب ہے، پھر اس علت سے لوگوں نے یہ فرع بھی نکالی ہے جس کا دور تک کوئی سراغ نہیں ملتاہیکہ انسان کے لیے یہ مسنون ہے کہ وہ قبرستان میں جا کر تسبیح پڑھے تاکہ مردوں کے عذاب میں تخفیف ہو جائے۔ بعض علماء نے کہا ہے کہ یہ سبب ضعیف ہے کیونکہ شاخوں کو تو تسبیح بیان کرنا ہی کرنا تھی، خواہ یہ تر ہوں یا خشک، کیونکہ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿تُسَبِّحُ لَہُ السَّمٰوٰتُ السَّبْعُ وَ الْاَرْضُ وَ مَنْ فِیْہِنَّ وَ اِنْ مِّنْ شَیْئٍ اِلَّا یُسَبِّحُ بِحَمْدِہٖ وَ لٰکِنْ لَّا تَفْقَہُوْنَ تَسْبِیْحَہُمْ﴾ (الاسراء: ۴۴) ’’ساتوں آسمان اور زمین اس کی تسبیح بیان کرتے ہیں اور جو (مخلوق) ان میں ہے اور (مخلوقات میں سے) کوئی چیز ایسی نہیں جو اس کی تعریف کے ساتھ تسبیح نہ کرتی ہو لیکن تم ان کی تسبیح کو نہیں سمجھتے۔‘‘ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے آمنے سامنے کنکریوں کی تسبیح سنی گئی ہے حالانکہ کنکریاں خشک ہوتی ہیں، تو سوال یہ ہے کہ پھر شاخوں کے گاڑنے کا سبب کیا ہے؟ سبب یہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ تعالیٰ سے یہ امید کی اور آس لگائی کہ وہ ان دو شاخوں کے خشک ہونے تک ان سے عذاب میں تخفیف کر دے یعنی یہ مدت کوئی زیادہ طویل نہیں ہے آپ نے محض ان دونوں کے فعلوں سے ڈرانے کے لیے ایسا کیا کیونکہ ان دونوں کے فعل بہت برے فعل تھے(یا گناہ عظیم کے قبیل سے تھے) جیسا کہ روایت میں آیا ہے: ’’ہاں! یہ بڑا گناہ ہے۔‘‘ کہ ان میں سے ایک شخص پیشاب کے چھینٹوں سے نہیں بچتا تھا اور جب وہ پیشاب کے چھینٹوں سے نہیں بچتا تھا توگویا طہارت کے بغیر نماز پڑھتا تھا اور دوسرا چغلی کھاتا پھرتا تھا اور بندگان الٰہی کے درمیان فساد ڈالتا تھا۔ والعیاذ باللّٰہ بایں طور وہ ان میں عداوت اور بغض پیدا کرتا تھا، تو یہ بہت ہی بھیانک قسم کی برا ئی والا عمل ہے، اس بنیاد پر یہاںزیادہ مناسب یہی بات معلوم ہوتی ہے کہ یہ ایک وقتی شفاعت تھی اور مقصود امت کو ان برے کاموں کے انجام سے ڈرانا تھا، یہ بات نہ تھی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کے بارے میں دائمی شفاعت میں بخل سے کام لیا۔ بعض علماء نے، اللہ تعالیٰ انہیں معاف فرمائے۔ جو یہ کہا ہے کہ مسنون ہے کہ انسان قبر پر کوئی تر شاخ یا درخت وغیرہ لگا دیاکرے تاکہ صاحب قبر کے عذاب میں تخفیف ہو جایاکرے تو یہ استنباط بہت بعیدازقیاس ہے اور حسب ذیل اسباب کے باعث یہ ایسا کرنا جائز نہیں : ٭ ہمارے سامنے یہ بات منکشف نہیں ہوتی کہ اس شخص کو عذاب ہو رہا ہے جب کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو ان دونوں کے عذاب کے بارے میں معلوم ہوگیا تھا۔ ٭ ہم اگر ایسا کریں تو میت سے برا سلوک کرنے کے مرتکب قرارپائیں گے کیونکہ اس صورت میں ہم نے گوایاکہ میت کے بارے میں پیشگی سوئِ ظن قائم کر لیا کہ اسے عذاب ہو رہا ہے۔ جبکہ ہمیں کیا معلوم شاید وہ جنت کی نعمتوں سے شاد کام ہو رہا ہو؟۔ ہو سکتا ہے کہ مغفرت کے کثیر اسباب میں سے کسی سبب کی وجہ سے اللہ تعالیٰ نے اس کی موت سے پہلے ہی اس کی مغفرت فرما دی ہو اور جب وہ فوت ہوا ہو تو معاف کیا جا چکا ہو اور وہ سرے سے مستحق عذاب ہی نہ ہو۔
Flag Counter