Maktaba Wahhabi

103 - 442
’’اور جن لوگوں نے اللہ کی آیتوں سے اور اس کی ملاقات سے انکار کیا وہ میری رحمت سے ناامید ہوگئے ہیں اور ان کو درد دینے والا عذاب ہوگا۔‘‘ منکرین آخرت کو درج ذیل طریقوں سے قائل کی جاسکتا ہے: ٭ سابقہ تمام الٰہی کتابوں اور آسمانی شریعتوں میں تمام انبیائے کرام ومرسلین عظام سے بعث بعد الموت کا معاملہ تواتر سے منقول ہے، جسے تمام امتوں نے قبول کیا ہے، لہٰذا تم اس کا کیونکر انکار کرتے ہو؟ جبکہ تم فلسفیوں، اصولیوںیا مفکر وں یا صاحب اصول ومبادی سے منقول کلام کی تصدیق کرتے ہو، اگرچہ ان کی بات کسی بھی ذریعے سے پایہ ثبوت کو نہیں پہنچتی نہ تو وسائل نقل کی بنیادپر اور نہ ہی امر واقع کی بنیادپر جس قدر بعث بعد الموت کی خبر پہنچتی ہے۔ ٭ بعث بعدالموت کے امکان کی تو عقل بھی شاہد ہے اور عقل کی شہادت کئی طرح سے ہے: ۱۔ کوئی بھی اس بات کا منکر نہیں ہے کہ وہ عدم کے بعد پیدا ہوا ہے بلاشبہ پہلے کبھی اس کا ذکر تک نہ تھا اور پھر اسے وجود بخشا گیا ہے تو جس ذات گرامی نے اسے پیدا کیا اور عدم سے وجود بخشا، وہ اس بات پر بھی قادر ہے کہ اسے مرنے کے بعد دوبارہ پیدا فرما دے، جیسا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿وَہُوَ الَّذِیْ یَبْدَؤُا الْخَلْقَ ثُمَّ یُعِیْدُہٗ وَ ہُوَ اَہْوَنُ عَلَیْہِ﴾ (الروم: ۲۷) ’’اور وہی تو ہے جو خلقت کو پہلی دفعہ پیدا کرتا ہے پھر اسے دوبارہ پیدا کرے گا اور یہ اس کے لیے بہت آسان ہے۔‘‘ اور فرمایا: ﴿کَمَا بَدَاْنَآ اَوَّلَ خَلْقٍ نُّعِیْدُہٗ وَعْدًا عَلَیْنَا اِنَّا کُنَّا فٰعِلِیْنَ﴾ (الانبیاء: ۱۰۴) ’’جس طرح ہم نے (کائنات کو) پہلے پیدا کیا تھا، اسی طرح ہم دوبارہ پیدا کر دیں گے۔ (یہ) ہمارے ذمے وعدہ ہے (جس کا پورا کرنا لازم ہے) بے شک ہم ایسا ضرور کرنے والے ہیں۔‘‘ ۲۔ کوئی شخص بھی اس بات کا انکار نہیں کر سکتا کہ آسمان اور زمین میںکتنی بڑی بڑی مخلوقات ہیں اور ان کا نظام کتنا محیر العقول ہے، جس ذات پاک نے اتنی بڑی بڑی مخلوقات کو پیدا کیا، وہ انسانوں کو پیدا کرنے اور انہیں مارنے کے بعد دوبارہ زندہ کرنے پر بدرجہ أولیٰ قادر ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿لَخَلْقُ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِ اَکْبَرُ مِنْ خَلْقِ النَّاسِ﴾ (الغافر: ۵۷) ’’آسمانوں اور زمین کا پیدا کرنا لوگوں کے پیدا کرنے کی نسبت بڑا (کام) ہے۔‘‘ اور فرمایا: ﴿اَوَلَمْ یَرَوْا اَنَّ اللّٰہَ الَّذِیْ خَلَقَ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضَ وَلَمْ یَعْیَ بِخَلْقِہِنَّ بِقٰدِرٍ عَلٰی اَنْ یُّحْیِیَ الْمَوْتٰی بَلٰٓی اِنَّہٗ عَلٰی کُلِّ شَیْئٍ قَدِیْرٌ، ﴾ (الاحقاف: ۳۳) ’’کیا انہوں نے نہیں دیکھا کہ جس اللہ نے آسمانوں اور زمین کو پیدا کیا اور وہ ان کے پیدا کرنے سے تھکا تک نہیں، وہ اس (بات) پر بھی قادر ہے کہ مردوں کو زندہ کردے؟ ہاں یقینا وہ ہر چیز پر قادر ہے۔‘‘
Flag Counter