Maktaba Wahhabi

473 - 484
شیخ الکل مولانا سید نذیر حسین صاحب محدث دہلوی رحمہ اللہ ولادت ۱۲۲۰ھ؁ وفات ۱۳۲۰ھ آپ کا وطن مالوف قصبہ سورج گڑھ ضلع منگیرہ صوبہ بہار تھا۔ جہاں آپ ۱۲۲۰ھ؁ مطابق ۱۸۰۵؁ء میں پیدا ہوئے۔ ولادت کی صحیح تاریخ اور مہینہ معلوم نہیں ہو سکا۔ آپ کے جد اعلی سید احمد شاہ جاجنیری ایک ہزار سپاہیوں پر جرنیل تھے۔ آپ کے والد ماجد سید جواد علی کئی پشتوں سے موضع ملبتھوا میں رہتے تھے جو سورج گڑھ سے پانچ چھ میل جانب جنوب ہے۔ سید جواد علی فارسی دانی میں ممتاز بین الاقران تھے۔ آپ داد ہال اور ننہال دونوں ہی جانب سے نقوی حسینی ہیں ۔ آپ چونتیسویں پشت میں حضرت علی کرم اللہ وجہ سے اور پینتیسویں پشت میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے جا ملتے ہیں ۔ آپ کا خاندان علم و فضل دولت و وجاہت میں پہلے سے ہی ممتاز تھا۔ آپ بزرگ اورنگ زیب عالمگیر کے عہد سے خدمت قضا پر مامور تھے۔ بچپن میں آپ کو کھیلنے کا بہت زیادہ شوق تھا۔ تیرنے‘ دوڑنے‘ گھوڑا سواری کرنے‘ میں مشاق تھے۔ فارسی کی درسی کتابیں اپنے والد بزرگوار سے پڑھیں اور عربی کی ابتدائی کتابیں بھی انہوں نے شروع کرا دیں ۔ علم کی تلاش میں وطن چھوڑتے ہیں : ۱۲۳۶؁ھ سولہ سال کی عمر اپنے ایک ہم عمر طالب علم سے صلاح کر کے رات کو دونوں گھر سے نکلے اور پیدل چلتے چلتے عظیم آباد (پٹنہ) پہنچے جو اس وقت صوبہ بہار کا مدینتہ العلم تھا۔ قریباً چھ ماہ یہاں ٹھیرے اور غالبا ترجمہ قرآن اور مشکوٰۃ پڑھا۔ پٹنہ میں آپ کو شاہ اسماعیل شہید کے مواعظ حسنہ سننے کا موقع ملا جو حج کو جا رہے تھے۔ اس سے آپ کے دل میں دہلی جانے کا خیال پیدا ہوا۔
Flag Counter