Maktaba Wahhabi

65 - 224
۳۔اللہ تعالیٰ کے وجود پر شریعت کی دلالت: وہ اس طرح کہ تمام آسمانی کتابیں اللہ تعالیٰ کے وجود پر زندہ ثبوت ہیں، کیونکہ ان کتابوں میں مخلوق کی مصلحت پر مشتمل جو احکام ہیں وہ اس بات پر دلیل ہیں کہ یہ رب حکیم کی طرف سے آئے ہوئے احکام ہیں، جو اپنی مخلوق کی مصلحت سے بخوبی واقف ہے، نیز ان کتابوں میں کچھ خبریں ایسی بھی ہیں جن کی سچائی کی شہادت حقائق وواقعات دیتے ہیں،جو اس امر کی واضح دلیل ہے کہ یہ خبریں اس رب کی طرف سے آئی ہیں جو ان کو وجود میں لانے پر بخوبی قادر ہے۔ ۴۔ اللہ تعالیٰ کے وجود پر حس ومشاہدہ کی دلالت: یہ دلالت دو طرح سے ہے: پہلی صورت:....ہم سنتے آئے ہیں اور مشاہدہ بھی شاہد ہے کہ دعا کرنے والوں کی دعا قبول ہوجاتی ہے اور مصیبت زدہ شخص کے لیے عین وقت پر مدد آجاتی ہے، جو اللہ تعالیٰ کے وجود پر قطعی دلیل ہے،ارشاد ربانی ہے: ﴿ وَنُوحًا إِذْ نَادَى مِنْ قَبْلُ فَاسْتَجَبْنَا لَهُ فَنَجَّيْنَاهُ وَأَهْلَهُ مِنَ الْكَرْبِ الْعَظِيمِ ﴾ (الأنبیاء:۷۶) ’’اور نوح کے اس وقت کو یاد کیجئے جبکہ اس نے اس سے پہلے دعا کی تو ہم نے اس کی دعا قبول فرمائی اور اسے اور اس کے گھر والوں کو بڑے کرب سے نجات دی۔‘‘ نیز ارشاد الٰہی ہے: ﴿ إِذْ تَسْتَغِيثُونَ رَبَّكُمْ فَاسْتَجَابَ لَكُمْ أَنِّي مُمِدُّكُمْ بِأَلْفٍ مِنَ الْمَلَائِكَةِ مُرْدِفِينَ ﴾ (الأنفال: ۹) ’’اس وقت کو یاد کرو جبکہ تم اپنے رب سے فریاد کررہے تھے، پھر اللہ تعالیٰ نے تمہاری فریاد سن لی۔‘‘
Flag Counter