گھر تعمیر کرتے وقت کی باتیں
گھر بناتے وقت مندرجہ ذیل چیزوں کا خیال رکھنا چاہیے:
۱۔ گھر مسجد سے قریب ہو :
اس کے بہت سے فوائد ہیں، جو ہم سے مخفی نہیں، اذان نماز کے لیے بیدار کرے گی اور اس سے غفلت برتنے پر بار بار یاد دلائے گی اور قریب رہنے سے نماز باجماعت پڑھنا زیادہ ممکن ہوگا اور عورتیں مسجد کے لاؤڈ اسپیکر سے تلاوت قرآن،علماء کی تقریریں،امام کے دروس اور ذکر واذکار سنیں گی، بچوں کے لیے مسجد میں حفظ قرآن اور ابتدائی تعلیم کے لیے آنے میں سہولت ہوگی،بچے برابر مسجدوں میں آئیں گے، اذان سنیں گے،نماز پڑھتے ہوئے لوگوں کو دیکھیں گے تو اسے اپنائیں گے،کیونکہ بچوں میں نقالی کی صفت زیادہ پائی جاتی ہے، گھر والوں کا ذہن دینی ہوگا،قربت کی وجہ سے شرم سے بھی نمازوں کے وقت مسجدوں میں آئیں گے، مسجد کی نگرانی کریں گے اورسائل و محتاج کا بھی خیال کریں گے۔
۲۔اس جگہ فاسق وفاجر لوگ نہ رہتے ہوں :
گھر کے لیے جگہ کے انتخاب کے وقت اس کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے، کیونکہ ایسے لوگوں کے قرب وجوار میں رہنے سے ایمان و عقیدہ میں فساد وبگاڑ کازیادہ اندیشہ ہے، بچے دیوی دیوتاؤں اور معبودان باطلہ کی پرستش، گانے بجانے، غلط قسم کے اخلاق وعادات اور دیگر غیر اسلامی چیزوں کے کرنے سے متاثر ہوں گے،ان کے اخلاق بگڑ یں گے او ر ان کے رنگ وروپ میں رنگ جائیں گے۔
|