Maktaba Wahhabi

225 - 548
حنفیہ امیر المومنین کے قتل کا واقعہ بیان کرتے ہوئے کہتے ہیں: ’’جس رات علی رضی اللہ عنہ زخمی کیے گئے، میں اللہ کی قسم اس رات مسجد اعظم میں نماز پڑھ رہا تھا، جس میں شہر کے بہت سارے لوگ محراب سے قریب نماز پڑھ رہے تھے، کوئی قیام میں ہے، کوئی رکوع کوئی سجدے میں، شروع رات سے آخر تک پڑھتے ہوئے تھک نہیں رہے تھے، ایسے میں علی رضی اللہ عنہ فجر کی نماز کے لیے نکلے، آپ لوگوں کو نماز کی جانب بلانے کے لیے ’’اَلصَّلَاۃ ، اَلصَّلاَۃ‘‘ کہنے لگے، مجھے نہیں معلوم کہ آپ محراب سے نکل کر یہ کلمات کہے یا وہاں سے نہیں نکلے، اتنے میں میں نے ایک چمک دیکھی، اور ’’اَلْحُکْمُ لِلّٰہِ یَا عَلِیُّ لَا لَکَ وَ لَا لِأَصْحَابِکَ‘‘ (اے علی! حکم اللہ کے لیے ہے نہ کہ تمھارا اور تمھارے اصحاب کا) کے کلمات سنے، پھر ایک تلوار دیکھی بعدہٗ دوسری تلوار دیکھی، پھر میں نے علی رضی اللہ عنہ کو کہتے سنا: دیکھو کمبخت بھاگنے نہ پائے، لوگ نے اسے چاروں طرف سے گھیر لیا، میں وہاں رہا تا آنکہ عبدالرحمن بن ملجم کو پکڑ کر علی رضی اللہ عنہ کے پاس لے جایا گیا، میں لوگوں کے ساتھ آپ کے پاس گیا تو علی رضی اللہ عنہ کو کہتے سنا: جان کے بدلے جان، اگر میں مرگیا تو اسے قتل کردینا جیسا کہ اس نے مجھے قتل کیا ہے، اور اگر بچ گیا تو میں اس کے بارے میں غور کروں گا۔‘‘[1] تاریخ میں آتا ہے کہ علی رضی اللہ عنہ پر حملہ کی وجہ سے لوگ گھبرائے ہوئے حسن رضی اللہ عنہ کے پاس پہنچے، لوگ آپ کے پاس تھے، اور مشکیں بندھا ابن ملجم بھی آپ کے سامنے تھا اتنے میں ام کلثوم بنت علی رضی اللہ عنہما نے روتے ہوئے آواز دی: اے اللہ کے دشمن میرے والد کا کچھ بگڑنے والا نہیں، اللہ تعالیٰ تمہی کو رسواکرنے والا ہے، اس پر اس نے کہا: ’’تو کس کا رونا رو رہی ہے؟ اللہ کی قسم میں نے اسے ایک ہزار میں خریدا ہے، ایک ہزار میں زہر آلود کیا ہے، اگر یہ وار شہر کے تمام لوگوں پر پڑا ہوتا تو کوئی بھی نہ بچتا۔‘‘ [2] علی رضی اللہ عنہ کے لیے تمام اطباء اکٹھے کیے گئے، ان میں سب سے ماہر طبیب اثیر بن عمر سکونی تھے، جو کسریٰ کے طبیب تھے، چنانچہ اثیر نے بکری کا گرم پھیپھڑا لیا، اس کا عرق نکالا، علی رضی اللہ عنہ کے زخم میں اسے داخل کیا، پھر اسے نکالا تو اس پر بھیجے کی سفیدی تھی، یہ علامت تھی کہ زخم دماغ تک پہنچ گیا ہے تو اس نے کہا: اے امیر المومنین! میں آپ کی دیکھ ریکھ کروں گا، لیکن آپ موت سے نہیں بچ پائیں گے۔[3]
Flag Counter