فصل چہارم
الموسوعۃ الفقھیۃ
الموسوعۃ ‘ دائرۃ المعارف یا المعلمۃ کا لفظ عام طور پر ایسی تالیفات کے استعمال کیا جاتا ہے جن میں ایک ہی موضوع سے متعلق تمام اہم اور بنیادی معلومات جمع کر دی گئی ہوں۔ انگریزی زبان میں اس کو انسائیکلوپیڈیا کہتے ہیں۔ کسی بھی موسوعۃ یا انسائیکلو پیڈیامیں مختلف موضوعات پر اہل علم اور متخصصین فن سے مقالہ جات لکھوائے جاتے ہیں اور پھر عامۃ الناس کی معلومات میں اضافہ کے لیے ان کومناسب ترتیب اور آسان فہم انداز میں پیش کر دیا جاتا ہے۔ یہ مقالہ جات نہ تو بہت طویل ہوتے ہیں اور نہ ہی حد سے زیادہ مختصر‘ بلکہ عموماً کسی بھی موضوع سے متعلق ضروری وبنیادی معلومات کو قابل وثوق ذرائع و مصادر کی روشنی میں پیش کررہے ہوتے ہیں۔ ’الموسوعۃ الفقھیۃ‘ فقہی اصطلاحات پر مشتمل ایک ضخیم انسائیکلو پیڈیا ہے جسے’و زارۃ الأوقاف والشؤون الاسلامیۃ کویت‘ کی طرف سے جلیل القدر فقہاء اور علماء کی رہنمائی میں تیار کرایا گیا ہے۔ ’و زارۃ الأوقاف والشؤون الاسلامیۃ‘ کویت‘ کی طرف سے موسوعۃ فقہیہ کے بارے میں ایک تعارفی کتابچہ بھی’نشرۃ تعریفیۃ‘کے نام سے شائع کیاگیاہے جس میں موسوعۃ کے تاریخی پس منظر‘ اسباب تالیف‘ منہج تحقیق اور اہداف کا جائزہ لیا گیا ہے۔ ’نشرۃ تعریفیۃ ‘ میں موسوعۃ کا معنی و مفہوم ان الفاظ میں بیان ہواہے:
’’تطلق الموسوعۃ أو دائرۃ المعارف أو المعلمۃ علی المؤلف الشامل لجمیع معلومات علم أو أکثر معروضۃ من خلال عناوین متعارف علیھا‘ بترتیب معین لا یحتاج معہ إلی خبرۃ وممارسۃ‘ مکتوبۃ بأسلوب مبسط لا یتطلب فھمہ توسط المدرس أو الشروح بل یکفی للاستفادۃ منھا الحد الأوسط من الثقافۃ العامۃ مع الإلمام بالعلم الموضوعۃ لہ‘ ولا بد مع ھذا کلہ من توافر دواعی الثقۃ بعزوھا للمراجع المعتمدۃ‘ أو نسبتھا إلی المختصین الذین عھد إلیھم بتدوینھا ممن یطمأن بصدورھا عنھم۔ فخصائص الموسوعۃ التی توجب لھا استحقاق ھذہ التسمیۃ ھی: الشمول‘ والترتیب السھل‘ والأسلوب المبسط‘ وموجبات الثقۃ۔ ویتبین من ھذا التعریف التوضیحی العام أن الموسوعۃ الفقھیۃ ھی ما کانت فیہ ھذہ الخصائص۔ ‘‘[1]
’’موسوعۃ یا دائرۃ المعارف یا معلمۃ کے لفظ کا اطلاق اس تالیف پر ہوتا ہے جس میں کسی ایک یا ایک سے زائد علوم کے بارے میں جمیع معلومات ان عناوین کے تحت جمع کر دی جائیں جو معروف ہوں۔ اس کی ترتیب ایسی ہو کہ اس سے استفادہ کے لیے کسی خاص مہارت یا تخصص کی ضرورت نہ ہو۔ اس قدر تفصیل سے لکھا گیاہو کہ اس کو سمجھنے کے لیے مدرس کی ثالثی یا شروحات کی ضرورت نہ پڑے بلکہ اس سے استفادہ کے لیے درمیانے درجہ کی عمومی معلومات اور متعلقہ علم کے موضوعات سے واقف ہونا بھی کافی ہو۔ اس سب کے علاوہ یہ بھی ضروری ہے کہ اس میں شامل معلومات کی مستند مراجع و مصادر یا ان ماہرین کی طرف نسبت کے لیے قابل اعتمادأسباب موجود ہوں کہ جن پر اس انسائیکلو پیڈیا کی تدوین کی ذمہ داری عائد کی گئی ہے اور ان ماہرین کی مہارت کے بارے میں اطمینان قلب بھی حاصل ہو۔ پس کسی انسائیکلو پیڈیا کے وہ خصائص جو اسے ایک موسوعۃ بناتے ہیں وہ اس کی جامعیت‘ ترتیب‘ سہولت‘ تفصیل اور مستندنتائج ہیں۔ پس اس تعریف سے معلوم ہوا کہ موسوعۃ فقہیہ سے مراد وہ تالیف ہے کہ جس میں یہ تمام خصائص پائے جاتے ہوں۔ ‘‘
موسوعۃ فقہیہ کا تاریخی پس منظر
دین اسلام میں فقہ اسلامی کی اہمیت و ضرورت سے انکار ممکن نہیں ہے۔ فقہ اسلامی کی تاریخ کئی مراحل پر مشتمل ہے۔ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم
|