Maktaba Wahhabi

480 - 368
کرنا'اسی ادارے کی ذمہ داری ہے۔ الإدارۃ العامۃ للبحوث والتألیف والترجمۃ یہ ادارہ مصر میں قرآن مجید کی طباعت کی نگرانی کرتا ہے تاکہ اس کی اشاعت خطا سے مبرا ہو۔ اسی طرح اسلامی موضوعات سے متعلقہ عربی اور غیر عربی کتابیں ' مقالات' کیسٹس اور أفلام وغیرہ بھی اس ادارے کی سرپرستی میں شائع ہوتی ہیں۔ اس قسم کے ادارے وقت کی ایک اہم ضرورت ہیں۔ اور ہمارے خیال میں قرآن مجید کی طباعت میں أغلاط کی کثرت سے بچنے کے لیے جمیع اسلامی ممالک ماہر علماء کی سرپرستی میں اس طرح کے ادارے قائم کرنے چاہئیں۔ إدارۃ إحیاء التراث الإسلامی اس ادارے کے تحت منتخب کتابوں اور مقالات کی اشاعت کا کام ہوتا ہے۔ تقریباً ہر مہینے ایک کتاب شائع کی جاتی ہے۔ شیخ الأزہر علامہ طنطاوی رحمہ اللہ کی تفسیر'التفسیر الوسیط ' اسی دارے کے تحت شائع کی گئی ہے۔ علاہ ازیں امام سیوطی کی کتاب'جمع الجوامع'اور حدیث کا ایک انسائیکلو پیڈیابھی شائع کیا گیا ہے۔ [1] مجمع کی ذیلی کمیٹیاں مجمع کے ذیلی اداروں کی طرح اس کی کئی ایک کمیٹیاں بھی ہیں جو مختلف میدانوں میں اپنی ذمہ داریاں اور فرائض سرانجام دیتی ہیں۔ مجمع سے متعلقہ قانون کے آرٹیکل ٢٨ میں ان کمیٹیوں کی طرف اشارہ موجود ہے۔ ڈاکٹر شعبان محمد اسماعیل حفظہ اللہ اس آرٹیکل کو بیان کرتے ہوئے لکھتے ہیں : ''یؤلف المجمع من أعضائہ لجاناً لتحقیق أغراضہ المنصوص علیھا فی ھذا القانون وفی اللائحۃ التنفیذیۃ.''[2] ’’مجمع کے اراکین سے مختلف کمیٹیاں بنائی جائیں گی تا کہ مجمع کے ان مقاصد کو پورا کیا جا سکے جو اس قانون اور اس کے لائحہ عمل میں بیان ہوئے ہیں۔ ‘‘ ذیل میں ہم ان میں سے چند ایک کمیٹیوں کا مختصر تعارف کروا رہے ہیں : قرآن کریم کی تحقیقی کمیٹی یہ کمیٹی مختلف تفاسیر میں موجود اسرائیلی روایات کی تحقیق کا کام کرتی ہے۔ علاوہ ازیں اس کے پیش نظر متوسط حجم کی ایک مستند تفسیر تیار کرنا بھی ہے۔ سنت نبوی کمیٹی اس کمیٹی کے ذمے حدیث کا ایک جامع انسائیکلو پیڈیا تیار کرنا ہے۔ مسجد أقصی کمیٹی اس کمیٹی کے فرائض میں یہ شامل ہے کہ یہ مسجد اقصی کے بارے میں شائع شدہ مواد کو جمع کرے۔ یہودیوں کے جارحانہ عزائم کو بے نقاب کرے اور مسجد أقصی کی آزادی کے لیے مسلمان امت میں تحریک پیدا کرے۔
Flag Counter