کمیٹی کے أراکین کے انتخاب کا طریقہ کار
اس کمیٹی کے صدر اور ارکان کے ناموں کا اعلان ’إدارۃ البحوث العلمیۃ والإفتاء‘کے سربراہ کے مشورے سے شاہی فرمان کے ذریعے کیا جاتا ہے۔ کمیٹی سے متعلقہ شاہی فرمان میں ہے:
’’ یعین رئیس اللجنۃ الدائمۃ فیھا وأعضائھا بأمر منا بترشیح من رئیس إدارات البحوث۔ ‘‘[1]
’’ مستقل کمیٹی کے صدر اور اس کے اراکین کا تعین ادارہ تحقیقات کے سربراہ کی تجویز پر شاہ کے فرمان سے ہو گا۔ ‘‘
فتاوی کے مؤلفین کا تعارف
فتاوی کی تالیف و تصنیف میں سعودی عرب کے کبار علماء کی جس جماعت نے اپنا حصہ شامل کیا ہے‘ ذیل میں ہم ان کا ایک اجمالی تعارف بیان کر رہے ہیں :
شیخ ڈاکٹر صالح بن فوزان الفوزان حفظہ اللہ
شیخ ۱۳۵۴ھ میں پیدا ہوئے۔ کلیہ شریعہ‘ ریاض سے فقہ میں ایم۔ اے اور پی۔ ایچ۔ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ آپ ’اللجنۃ الدائمۃ‘کے علاوہ ’ھیئۃ کبار العلماء‘ اور ’المجمع الفقھی مکۃ المکرمۃ‘ کے بھی رکن ہیں۔ آپ کے شیوخ میں شیخ عبد العزیزبن باز‘ شیخ محمد الأمین الشنقیطی‘ شیخ عبد الرزاق عفیفی اور شیخ حمود بن عقلا رحمہم اللہ وغیرہ شامل ہیں۔ بیسیوں کتابوں کے مؤلف ہیں۔ جن میں چند ایک درج ذیل ہیں :التحقیقات المرضیۃ فی المباحث الفرضیۃ‘الأحکام الأطعمۃ فی الشریعۃ الإسلامیۃ‘شرح العقیدۃ الواسطیۃ‘نقد کتاب الحلال والحرام فی الإسلام‘الملخص الفقھی‘ کتاب التوحید وغیرہ
شیخ عبد العزیز بن عبد اللہ آل الشیخ حفظہ اللہ
شیخ ۱۳۶۲ھ میں ریاض میں پیدا ہوئے۔ ’امام الدعوۃ‘ علمی انسٹی ٹیوٹ کے کلیہ شریعہ سے ۱۳۸۴ھ میں فراغت حاصل کی۔ اس کے بعد تقریباً آٹھ سال وہیں تدریس کی۔ ۱۳۹۲ھ میں کلیۃ شریعہ‘ ریاض میں تدریس شروع کی۔ ۱۴۱۲ھ میں ’اللجنۃ الدائمۃ‘کے رکن مقرر ہوئے۔ ۱۴۱۶ھ میں مملکت سعودی عرب کے نائب مفتی بن گئے۔ اس سے قبل ۱۴۰۷ھ میں وہ ’ ھیئۃ کبار العلماء‘کے رکن بھی مقرر ہوئے۔
شیخ بکر بن عبد اللہ أبو زید حفظہ اللہ
شیخ۱۳۶۵ھ میں پیدا ہوئے۔ ۱۳۸۸ھ میں کلیہ شریعہ‘ ریاض سے فارغ ہوئے۔ ’المعھد العالی للقضاء‘سے ۱۴۰۰ھ میں ایم۔ اے اور ۱۴۰۳ھ میں پی۔ ایچ۔ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ ۱۳۹۰ھ سے۱۴۰۰ھ تک مسجد نبوی میں مدرس کا فریضہ سر انجام دیتے رہے۔ ۱۳۹۱ھ سے ۱۳۹۶ھ تک مسجد نبوی کے امام اور خطیب بھی رہے۔ ۱۴۱۲ھ میں ایک صدارتی فرمان کے ذریعے ’اللجنۃ الدائمۃ‘ اور ’ھیئۃ کبار العلماء‘ کے رکن مقرر ہوئے۔ تقریباً ۶۶ کے قریب کتابوں کے مؤلف ہیں۔
شیخ عبد الرزاق بن عفیفی بن عطیہ رحمہ اللہ
شیخ ۱۳۲۳ھ میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی و اعلی تعلیم جامعہ أزہر سے حاصل کی۔ ۱۳۹۱ھ میں ’الإدارۃ العامۃ لإدارۃ البحوث العلمیۃ و الإفتاء و الدعوۃ‘کے نائب صدر مقرر ہوئے۔ ’ ھیئۃ کبار العلماء‘کی تاسیس پر اس کے بھی رکن مقرر ہوئے۔ ۱۴۱۵ھ میں وفات پائی۔
|