Maktaba Wahhabi

135 - 315
توحید، بندوں پر اللہ کا سب سے بڑا حق ہے اللہ تعالیٰ کو ایک اور اکیلا معبود ماننا اور اسی کی عبادت کرنا، یہ اللہ کا ایسا حق ہے جو بندوں کے لیے فرض عین ہے، جیسے ایک حدیث میں ہے کہ نبیٔ کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدنا معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ سے فرمایا: ((ھَلْ تَدْرِیْ مَا حَقَّ اللّٰہِ عَلٰی عِبَادِہِ؟ وَمَا حَقُّ الْعِبَادِ عَلَی اللّٰہِ؟)) ’’کیا تم جانتے ہو اللہ کا بندوں پر اور بندوں کا اللہ پر کیا حق ہے؟‘‘ سیدنا معاذ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے کہا: اللہ اور اس کا رسول بہتر جانتے ہیں۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ((فَإِنَّ حَقَّ اللّٰہِ عَلَی الْعِبَادِ أَنْ یَّعْبُدُوہُ وَلَا یُشْرِكُوا بِہِ شَیْئًا، وَحَقُّ الْعِبَادِ عَلَی اللّٰہِ أَنْ لَّا یُعَذِّبَ مَنْ لَّا یُشْرِكُ بِہِ شَیْئًا)) ’’بندوں پر اللہ کا حق یہ ہے کہ وہ صرف اس کی عبادت کریں اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرائیں اور اللہ کے ذمے بندوں کا حق یہ ہے کہ وہ انھیں عذاب نہ دے جو اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرائیں۔‘‘[1] یہ بندوں پر اللہ کا سب سے پہلا اور سب سے بڑا حق ہے، اس حق پر کوئی اور حق مقدم نہیں۔اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: ﴿ وَقَضَى رَبُّكَ أَلَّا تَعْبُدُوا إِلَّا إِيَّاهُ وَبِالْوَالِدَيْنِ إِحْسَانًا ﴾ ’’اور آپ کے رب نے فیصلہ کر دیا ہے کہ تم اس کے سوا کسی کی عبادت نہ کرو اور والدین سے حسن سلوک کرو۔‘‘[2]
Flag Counter