Maktaba Wahhabi

44 - 702
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ علی کے علاوہ میری طرف سے یہ سورت کوئی نہیں پہنچا سکتا؟ کہنے لگے : اللہ کی قسم نہیں ۔ (۱۹) میں تمھیں اﷲ کی قسم دیتا ہوں ! کیا تم میں میرے علاوہ کوئی ایسا ہے جس کے بارے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہو:’’ تم سے صرف مؤمن ہی محبت رکھے گا؛ اور تم سے صرف کافر اور منافق ہی بغض رکھے گا؟ کہنے لگے : اللہ کی قسم نہیں ۔ (۲۰) میں تمھیں اﷲ کی قسم دیتا ہوں ! کیا تم جانتے ہو کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے تم سب کے دروازے بند کرنے اور میرا دروازہ کھلا رکھنے کا حکم دیا تھا۔اور تم لوگ پھر اس میں باتیں کرنے لگے۔تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میں نے نہ ہی تمہارے دروازے بند کیے ہیں اور نہ ہی اس کا دروازہ کھلا چھوڑا ہے۔بلکہ اللہ تعالیٰ نے تمہارے دروازے بند کیے اور اس کا دروازہ کھلا چھوڑا ہے ؟ کہنے لگے : اللہ کی قسم نہیں ۔ (۲۱) میں تمھیں اﷲ کی قسم دیتا ہوں ! کیا تم جانتے ہو کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے غزوہ طائف میں باقی لوگوں کو چھوڑ کر دیر تک مجھ سے سرگوشی کی۔ یہاں تک کہ تم لوگ کہنے لگے:ہمیں چھوڑ کر اس سے سر گوشیاں کررہا ہے ۔تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: صرف میں ہی اکیلا آپ سے سرگوشی نہیں کررہا بلکہ اللہ تعالیٰ نے بھی آپ سے سرگوشی کی ہے؟کہنے لگے : اللہ کی قسم ! ہاں ہم جانتے ہیں ۔ (۲۲) میں تمھیں اﷲ کی قسم دیتا ہوں ! کیا تم جانتے ہو کہ میرے متعلق رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تھا:’’ حق علی کے ساتھ ہے ؛ اور علی حق کے ساتھ ہے ؛ اور علی کے زوال کے ساتھ حق کو بھی زوال ہوگا؟کہنے لگے : ہاں اللہ کی قسم! ہم جانتے ہیں ۔ (۲۳)میں تمھیں اﷲ کی قسم دیتا ہوں ! کیا تم جانتے ہو کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے میرے بارے میں ارشاد فرمایا ہے : ’’ میں تم میں دو بھاری چیزیں چھوڑ کر جارہا ہوں ؛ وہ کتاب اللہ اور میرے اہل بیت کی عترت ؛یہ دونوں جدا نہیں ہوں گے یہاں تک کہ میرے پاس حوض پر وارد ہوجائیں ‘‘؟کہنے لگے :ہاں ! ہم جانتے ہیں ۔ (۲۴) میں تمھیں اﷲ کی قسم دیتا ہوں ! کیا تم میں میرے علاوہ کوئی ایسا ہے جس نے اپنی جان نثار کرکے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو مشرکین سے بچایا ہو؟ اورآپ کی جگہ پر لیٹ گیا ہو؟کہنے لگے : اللہ کی قسم نہیں ۔ (۲۵) میں تمھیں اﷲ کی قسم دیتا ہوں ! کیا تم میں میرے علاوہ کوئی ایسا ہے جو عمر بن عبد ود عامری کے مقابلہ کے لیے نکلا ہو جب اس نے مبارزت طلب کی تھی؟کہنے لگے : اللہ کی قسم نہیں ۔ (۲۶) میں تمھیں اﷲ کی قسم دیتا ہوں ! کیا تم میں میرے علاوہ کوئی ایسا ہے جس کے متعلق آیت تطہیر نازل ہوئی ہو ؟ جس میں اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں :﴿اِنَّمَا یُرِیْدُ اللّٰہُ لِیُذْہِبَ عَنْکُمُ الرِّجْسَ اَہْلَ الْبَیْتِ وَیُطَہِّرَکُمْ تَطْہِیْرًا﴾’’ اے اہل بیت نبی اللہ تو یہ چاہتا ہے کہ تم سے ناپاکی کو دور کرکے اچھی طرح پاک صاف بنا دے۔‘‘
Flag Counter