محبت کا جادو
ایک شخص اپنی بہن کا واقعہ بیان کرتے ہوئے کہتا ہے کہ میری بہن نے جس کی عمر ۲۰ سال ہے، انٹرنیٹ کے ذریعہ ایک نوجوان سے رابطہ قائم کیا اور تعلقات جب آگے بڑھے تو ایک دوسرے کو دیکھنے اور ملنے کے بہانے گھر والوں کو بتائے بغیر نکل گئی۔ دونوں کے بیچ پیار و محبت اتنا پروان چڑھا کہ بات شادی تک پہنچ گئی۔
نوجوان گھر شادی کا پیغام لے کر آیا لیکن اس سے ملنے کے بعد مجھے وہ پسند نہیں آیا، جس کی وجہ سے میں نے اپنی بہن کی شادی اس کے ساتھ کرنے سے انکار کر دیا۔ جب میری بہن کو پتا چلا تو وہ بگڑ گئی۔ کہتے ہیں : ’’محبت کا جادو سر چڑھ کر بولتا ہے۔‘‘ وہ کہنے لگی: تم اس کے بارے میں کچھ بھی نہیں جانتے، میں اس کو ایک سال سے جانتی ہوں اور اس سے باہر بھی ملتی رہی ہوں ، میں آپ سے گزارش کرتی ہوں کہ آپ میری شادی اس نوجوان سے کر دیں ، کیونکہ اس کی جدائی مجھے برداشت نہیں ہے، میں نے اپنی بہن کی باتیں سن کر صبر و تحمل سے کام لیا۔ حالانکہ اس کی باتیں قابل برداشت نہیں تھیں ، یہاں تک کہ میں مسلسل شادی کی مخالفت کرتا رہا اور اسے سمجھاتا رہا کہ وہ شخص غیر مناسب ہے تم اپنی کمیوں اور کوتاہیوں کو دور کرو لیکن میری اصلاح کی ساری کوششیں ناکام ہوگئیں ۔ کہنے لگی شادی اسی سے کروں گی نہیں تو جان دے دوں گی۔ میں نے اسے اس کی حالت پر چھوڑ دیا اور کہا کہ تم اپنے معاملے میں اچھی طرح سوچ لو ماضی کی غلطیوں کی اصلاح ہو سکتی ہے۔
پھر ایک دن جب میں کسی کام سے سفر پر تھا تو میری بہن وقت اور حالات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دوسرے بھائی کے پاس پہنچ گئی۔ (واضح رہے کہ ہم دونوں بھائیوں کے تعلقات بھی اچھے نہیں تھے) اور ان کو اس شادی کے لیے راضی کر لیا اور پھر شادی بھی ہوگئی۔
|