مثالی شوہر
ایک مرتبہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ام المومنین سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے ارشاد فرمایا:
( (اِنِّیْ لَأَعْلَمُ اِذَا کُنْتِ عَنِّی رَاضِیَۃً وَاِذَا کُنْتِ عَلَیَّ غَضْبَی۔))
’’میرے ساتھ تمہاری خوشی و ناراضگی کا علم مجھے ہو جاتا ہے۔‘‘
سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا عرض کرنے لگیں : ( (مِنْ أَیْنَ تَعْرِفُ ذَلِکَ۔))
’’بھلا آپ کے ساتھ میری خوشی و ناخوشی کا علم آپ کو کیسے ہو جاتا ہے۔‘‘
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:
( (أَمَا اِذَا کُنْتِ عَنِّی رَاضِیَۃً فَاِنَّکِ تَقُولِیْنَ: لَا وَرَبِّ مُحَمَّدٍ وَاِذَا کُنْتِ غَضْبَی، قُلْتِ: لَا وَرَبِّ اِبْرَاھِیْمَ۔))
’’وہ اس طرح کہ مجھ سے خوشی کی حالت میں محمد کے رب کی قسم کھاتی ہو اور ناراضی کی صورت میں ابراہیم علیہ السلام کے رب کی قسم کھاتی ہو۔‘‘
سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا نے عرض کیا:
( (أَجَلْ وَاللّٰہِ یَا رَسُوْلَ اللّٰہِ! مَا أَھْجُرُ اِلاَّ اسْمَکَ۔))
’’اللہ کی قسم! آپ کا ملاحظہ صحیح ہے اے اللہ کے رسول، میں قسم کھاتے وقت صرف آپ کا نام چھوڑ دیتی ہوں ۔‘‘[1]
دراصل کامیاب اور مثالی شوہر کی علامت یہ ہے کہ وہ بیوی کے من کو بھانپ کر اسے راضی کر لیتا ہے جبکہ ناکام شوہر کی پہچان یہ ہے کہ وہ بیوی کے من کو پڑھے بغیر اس پر اپنی حکمرانی کا خواہاں ہوتا ہے، خواہ بیوی کے جذبات مجروح کیوں نہ ہوں ۔
|