Maktaba Wahhabi

81 - 239
شراب کا کرشمہ ایک مرتبہ ایک انتہائی حسین و جمیل اور بدکار عورت ایک بزرگ و عبادت گزار کے عشق میں گرفتار ہو گئی۔ اس نے عابد کو ورغلا کر اپنے دامِ فریب میں پھنسانا چاہا مگر اسے اس کے لیے کوئی بہانہ چاہیے تھا۔ اچانک اسے ایک تدبیر سوجھی اور اس نے اپنی لونڈی کو عابد کی خدمت میں یہ کہہ کر بھیجا کہ آپ کو فلاں عورت کسی بات پر گواہ بنانے کے لیے بلا رہی ہے۔ عابد صاحب پیغام سن کر لونڈی کے ہمراہ ہو لیے اور اس بدکار عورت کے گھر گئے۔ لونڈی نے مالکہ کے اشارے پر گھر کے تمام دروازے بند کر دیے۔ وہ عورت بن ٹھن کر عابد کے سامنے آئی اور کہنے لگی: جناب! میں نے آپ کو کسی گواہی وغیرہ کے لیے نہیں بلایا، بلکہ حقیقت تو یہ ہے کہ میں آپ کو دل و جان سے چاہتی ہوں مگر آپ سے ملنے کا شرف حاصل نہیں ہو پا رہا تھا۔ اب جبکہ آپ میرے پاس پہنچ گئے ہیں تو آپ مجھ سے بدکاری کریں یا اس مٹکے سے شراب نوشی کریں یا اس چھوٹے سے بچے کو قتل کریں ۔ ان تینوں میں سے ایک کام کا انجام دینا بہرحال آپ کے لیے لازم ہے، اس کے بغیر آپ کے چھٹکارے کی کوئی صورت نہیں ۔ عابد نے سوچا اس وقت سب سے آسان گناہ شراب پینا ہی ہے، اس لیے مجھے ایک گلاس شراب ہی پلا دو۔ عورت نے جو ایک جام پلایا اور اس کا نشہ جب چڑھا تو دوسرا گلاس خود ہی طلب کیا۔ پھر کیا تھا....؟! عابد صاحب نے نشہ میں بد مست ہوکر اس عورت سے بدکاری بھی کی اور اس کے بعد اس معصوم بچے کو بھی قتل کر دیا۔ اس واقعے کے راوی حضرت عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ فرمایا کرتے تھے: ( (اِجْتَنِبُوا الْخَمْرَ فَاِنَّھَا أُمُّ الخَبَائِثِ۔)) ’’شراب سے بچو کیونکہ یہ گناہوں کی ماں (سردار) ہے۔‘‘[1]
Flag Counter