Maktaba Wahhabi

185 - 531
حدیثوں کو پیش کردینا چاہتا ہوں جن میں مسجدوں میں داخل ہونے والوں کو یہ حکم دیا گیا ہے کہ وہ بیٹھنے سے پہلے دو رکعتیں ادا کر لیں ، چنانچہ حضرت ابو قتادہ سلمی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے: ((اِذَا دخل أحدکم المسجد فلیرکع رکعتین قبل أن یجلس)) ’’جب تم میں سے کوئی مسجد میں داخل ہو تو اس کو چاہیے کہ بیٹھنے سے پہلے دو رکعتیں پڑھ لے۔‘‘[1] یہ حدیث اپنے حکم میں عام ہے، یعنی دن اور رات کے کسی بھی حصے میں مسجد میں داخل ہونے والے پر یہ لازم قرار دے رہی ہے کہ وہ دو رکعتیں ادا کر لینے سے پہلے نہ بیٹھے، اس حدیث سے جہاں یہ حکم بھی نکلتا ہے کہ اگر کوئی شخص مسجد میں نماز ادا کرنے کے علاوہ کسی اور غرض سے جائے اور کھڑے کھڑے واپس ہو جائے اس پر تحیۃ المسجد واجب نہیں ہے، کیونکہ یہ نما ز بیٹھنے سے مقید ہے، اسی طرح حدیث کا اسلوب بیان اس امر پر بصراحت دلالت کر رہا ہے کہ اس نماز کا حکم ہر وقت کے لیے عام ہے، بایں معنی کہ یہ نماز کسی بھی وقت ممنوع نہیں ہے، الا یہ کہ جس وقت کوئی مسجد میں داخل ہو اسی وقت جماعت کھڑی ہو جائے، یا اس کے داخل ہونے سے پہلے ہی کھڑی ہو چکی ہو، ایسی صورت میں اس کا یہ فرض ہے کہ جماعت میں شامل ہو جائے اس حالت میں تحیۃ المسجد کا وجوب اس سے ساقط ہو جائے گا، تیسری چیز یہ کہ حدیث کی یہ عبارت ’’فلیرکع‘‘ امرکا صیغہ ہے اور بصیغۂ امر دیا جانے والا ہر حکم وجوب پر دلالت کرتا ہے الا یہ کہ نص میں کوئی ایسا قرینہ یا علامت ایسی ہو جو وجوب کا مفہوم لینے میں مانع ہو اور حدیث میں ایسا کوئی قرینہ یا علامت موجود نہیں ہے۔ صحیح مسلم میں اس حدیث کی جو شان نزول بیان ہوئی ہے اس سے تحیۃ المسجد کی مزید تاکید ہوتی ہے؛ چنانچہ یہی ابوقتادہ بیان کرتے ہیں کہ ’’میں مسجد میں اس حال میں داخل ہوا کہ رسو ل اللہ صلی اللہ علیہ وسلم لوگوں کے درمیان تشریف فرما تھے، اس لیے میں بھی بیٹھ گیا، اس پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ((ما منعک أن ترکع رکعتین قبل أن تجلس؟ قال: فقلت: یا رسول اللّٰہ! رأیتک جالسا والناس جلوس۔ قال: فاِذا دخل أحدکم المسجد، فلا یجلس حتی یرکع رکعتین)) ’’بیٹھنے سے پہلے تمہیں دو رکعتیں ادا کرنے سے کس چیز نے روکا؟ عرض کیا: اے اللہ کے رسول! میں نے آپ کو دیکھا کہ آپ تشریف فرما ہیں اور لوگ بھی بیٹھے ہوئے ہیں ‘‘ فرمایا: جب تم میں سے کوئی مسجد میں داخل ہو تو اس وقت تک نہ بیٹھے جب تک کہ دو رکعتیں ادا نہ کر لے۔‘‘[2] حضرت جابر بن عبد اللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں اس وقت حاضر ہوا جبکہ آپ مسجد
Flag Counter