Maktaba Wahhabi

86 - 531
میں اس الزام کی دھجیاں بکھیرنے سے پہلے اپنے قارئین کی توجہ اس امر کی جانب مبذول کرنا مناسب خیال کرتا ہوں کہ مستشرقین اسلام اور مسلمانوں کے خلاف جس کینہ و بغض کی آگ میں جل رہے تھے اور جس کو سرد کرنے کے لیے وہ ائمہ اسلام اور مسلم خلفاء کو نشانۂ تنقید بناتے تھے وہ تو ان کے فرائض منصبی میں داخل تھا، لیکن بایں ہمہ وہ بحث و تحقیق کی صفت سے بھی عاری تھے اس حقیقت کو ذہن میں تازہ رکھئے اور اس الزام کے جواب میں جو کچھ عرض کرنے جارہا ہوں اس پر سنجیدگی کے ساتھ غور کیجیے۔ (۱)… اگر عبد الملک بن مروان نے گنبد صخرہ کی تعمیر اس غرض سے کرائی تھی کہ وہ مسلمانوں کو حج بیت اللہ سے پھیر کر مسجد اقصیٰ کے حج اور گنبد صخرہ کے طواف پر آمادہ کرے اور شیعہ مؤرخ یعقوبی کے بقول امام زہری نے گنبد صخرہ کے طواف کو دینی رنگ دینے کے لیے مذکورہ حدیث گھڑی تھی، تو اس کا لازمی، بلکہ بدیہی تقاضا یہ تھا کہ اس میں سرفہرست اس کا ذکر ہوتا، جبکہ امر واقعہ یہ ہے کہ مذکورہ حدیث میں اس کا ذکر تک نہیں ہے، اس کے برعکس مسجد حرام کا ذکر سرفہرست ہے جس کے حج اور طواف سے مسلمانوں کو برگشتہ کرنے کے لیے وہ گھڑی گئی تھی، گویا امام زہری نے یہ حدیث وضع کرکے۔ اگر ان کا دامن اس سے ملوث ہے۔ عبد الملک بن مروان کی خواہش کا مذاق اڑایا ہے اور اس کے سب سے بڑے سیاسی حریف عبد اللہ بن زبیر رضی اللہ عنہما کی تائید کردی ہے۔ اور عبد الملک بن مروان جیسا زیرک، تجربہ کار، تعلیم یافتہ اور اپنے گردوپیش کے حالات پر وسیع اور گہری نظر رکھنے والا حکمراں ان کے مقابلے میں حد درجہ سادہ لوح اور احمق نظر آتا ہے۔ (۲)… مذکورہ حدیث کے راوی صرف امام زہری نہیں ہیں ؛ بلکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے اس کی روایت کرنے والے دو صحابیوں ، ابوہریرہ اور ابوسعید خدری رضی اللہ عنہما سے اس کی روایت زہری کے علاوہ ان کے ہم پلہ دوسرے دو تابعیوں : ابوعبد اللہ سلمان اغر اور قزعہ بن یحییٰ بصری۔ مولی زیاد۔ نے بھی کی ہے جس کی تفصیل درج ذیل: (۱) پہلی سند: (۱)… امام بخاری فرماتے ہیں : ہم سے علی بن مدینی نے بیان کیا، کہا: ہم سے سفیان بن عیینہ نے زہری سے، انھوں نے سعید بن مسیب سے، انھوں نے ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے اور انھوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہوئے بیان کیا… (حدیث نمبر ۱۱۸۹) (۲)… امام مسلم فرماتے ہیں : مجھ سے عمرو ناقد اور زہیر بن حرب نے بیان کیا، دونوں نے سفیان بن عیینہ سے، عمرو ناقد نے کہا: ہم سے سفیان بن عیینہ نے زہری سے، انھوں نے سعید بن مسیب سے اور انھوں نے ابوہریرہ سے، جنھوں نے اس کی سند نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم تک پہنچاتے ہوئے بیان کیا… (حدیث نمبر ۱۳۹۷۔ ۵۱۱) صحیح بخاری اور صحیح مسلم دونوں کی سندوں کے مطابق یہ حدیث امام زہری نے سید التابعین سعید بن مسیب سے روایت کی ہے۔ سعید بن مسیب کی وفات ۹۴ھ مطابق ۷۱۲ء میں ہوئی۔ یعنی ان کی وفات کے وقت امام زہری کی عمر ۲۸
Flag Counter