Maktaba Wahhabi

70 - 531
عبید اللہ بن عبد اللہ بن عتبہ سے حدیث روایت کرنے والوں میں ان کے بھائی عون بن عبد اللہ بن عتبہ، زہری، ضمرہ بن سعید مازنی، عراک بن مالک، موسیٰ بن ابوعائشہ، ابوزناد عبد اللہ بن ذکوان، صالح بن کیسان، خصیف جزری، سعد بن ابراہیم، سالم ابونضر، طلحہ بن یحییٰ بن طلحہ، عبد المجید بن سہیل، ابوبکر بن ابوجہم عدوی وغیرہ کا شمار ہوتا ہے۔ احمد بن عبد اللہ عجلی اور محمد بن عمر واقدی کے مطابق عبید اللہ بن عبد اللہ، ثقہ، عالم فقیہہ، صالح اور کثیر الروایت بزرگ تھے اور بصارت سے محروم ہونے کے باوجود شرعی علوم کے جامع تھے، وہ پانچویں خلیفہ راشد عمر بن عبد العزیز کے استاد تھے۔ [1] عبید اللہ بن عبد اللہ بن عتبہ کی وفات ۹۸ھ مطابق ۷۱۶ء میں ہوئی۔ (۷) سلیمان بن یسار: سلیمان بن یسار خلیفہ سوم عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ کی خلافت کے آخری ایام میں ۳۴ھ مطابق ۶۵۶ء میں پیدا ہوئے۔ اور ۱۰۷ھ مطابق ۷۲۵ء میں وفات پائی، یہی ابن سعد کا قول ہے، اور اسی طرح مصعب بن عبد اللہ، یحییٰ بن معین، عمرو بن علی بن بحر فلاس، علی بن عبد اللہ تمیمی، بخاری اور دوسرے ائمہ حدیث نے ان کی تاریخ بیان کی ہے، جس کی روشنی میں انھوں نے ۷۳ برس کی عمر پائی۔ سلیمان بن یسار نے جن صحابہ اور صحابیات سے احادیث روایت کی ہیں ان میں سے چند کے نام درج ذیل ہیں : زید بن ثابت، عبد اللہ بن عباس، ابوہریرہ، حسان بن ثابت، جابر بن عبد اللہ، رافع بن خدیج، عبد اللہ بن عمر، ام المومنین عائشہ، ام المومنین ام سلمہ، ام المومنین میمونہ، ابورافع، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے آزاد کردہ غلام حمزہ بن عمرو اسلمی، مقداد بن اسود، سلمہ بن صخر بیاضی، عبد اللہ بن حذافہ سہمی، فضل بن عباس، ابو سعید خدری، ربیع بنت معوذ رضی اللہ عنہم وغیرہ۔ مقداد بن اسود سے ان کی مرویات صرف سنن ابوداؤد، نسائی اور ابن ماجہ میں آئی ہیں ۔ امام ذہبی کا خیال ہے کہ مقداد بن اسود سے سلیمان بن یسار کی ملاقات نہیں ہوئی ہے۔ اور سلمہ بن صخر بیاضی، عبد اللہ بن حذافہ سہمی اور فضل بن عباس رضی اللہ عنہم سے ان کی مرویات مرسل ہیں ۔ [2] سلیمان بن یسار علم کا سمندر تھے، بعض نقاد حدیث نے ان کو سعید بن مسیب سے افضل قرار دیا ہے۔ ان سے حدیث روایت کرنے والوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ ذیل میں ان کے چند شاگردوں کے نام درج کر رہا ہوں ۔ سلیمان کے بھائی عطاء بن یسار، زہری، بُکیر بن اشج، عمرو بن دینار، عمرو بن میمون بن مہران، سالم ابونضر، ربیعہ رائے، ابواسود یتیم عروہ، یعلی بن حکیم، یعقوب بن عتبہ، ابوزناد عبد اللہ بن ذکوان، صالح بن کیسان، محمد بن عمرو بن عطاء، محمد بن یوسف کندی، یحییٰ بن سعید انصاری، یونس بن یوسف، عبد اللہ بن فضل ہاشمی، عمرو بن شعیب، محمد بن ابی حرملہ، عبد الرحمن بن یزید بن جابر اور خثیم بن عراک۔
Flag Counter