ذکر الہی باللسان :ذکر باللسان اللہ تعالیٰ کی معیت کا موثر ذریعہ ہے
(اِنَّ اللّٰہَ تَعَالٰی یَقُوْلُ: اَنَا مَعَ عَبْدِیْ اِذَا ذَکَرَنِیْ وَ تَحَّرَکَتْ بِیْ شَفَتَاہُ) [1]
(بے شک اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ میں اپنے بندے کے ساتھ ہوتا ہوں جب تک وہ میرا ذکر کرتا ہے اور اس کے ہونٹ میرے ساتھ حرکت کرتے ہیں )
ذکر افضل ترین عمل ہے
حضرت عبداللہ بن بسررضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ایک اعرابی نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا اور پوچھا کہ لوگوں میں سے بہترین کون ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ''جس کی عمر لمبی ہو اور اعمال اچھے ہوں '' اس اعرابی نے دوبارہ پوچھاکہ افضل ترین عمل کون سا ہے؟ آپ نے فرمایا ''تو اس دنیائے فانی کو اس حال میں داغ مفارقت دے کہ تری زبان ذکر الہی سے تر ہو'' [2]
"حضرت ابو الدرداء نے کہارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ''کیا میں تم کو تمہارے بہترین عمل کی خبر نہ دوں اور جو تمہارے رب کے پاس پاکیزہ ہے اور تمہارے درجات کو بلند کرنے والا ہے اور تمہارے لئے سونا اور چاندی خرچ کرنے سے بہتر ہے اور اس سے بھی بہتر ہے کہ تم اپنے دشمن کو ملو تم ان کی گردنیں کاٹو وہ تمھاری گردنیں کاٹیں '' صحابہ نے عرض کیا ہاں اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم ضرور بتائیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ''اللہ کا ذکر'' [3]
|