Maktaba Wahhabi

344 - 400
سو(100) کیلو میٹر کی مسافت طے کرنے والا شخص مسافر کے حکم میں ہو گا سوال:....سو کیلو میٹر کی مسافت طے کرنے والے شخص کے لیے کیا یہ جائز ہے کہ قصر اور جمع بین الصلاتین کرے؟ جواب:....کوئی آدمی جب سو کیلو میٹر یا اس سے کچھ کم کی مسافت طے کرلے تو سفر کے احکام جیسے قصر، افطار، جمع بین الصلاتین اور موزے پرتین دن تک مسح وغیرہ پر عمل کرسکتا ہے، اس لیے کہ اتنی مسافت پر سفر کا اعتبار ہوگا۔اسی طرح اسی(80) کیلو میٹر یا اس کے برابر کی مسافت طے کر لیتا ہے تو جمہور علماء کے نزدیک قصر وغیرہ کر سکتا ہے۔ ان ممالک کے اوقاتِ نماز جہاں رات اور دن طویل ہوتے ہیں سوال:....بعض مقامات پر طویل مدت تک لگاتار دن اور کبھی لگاتار رات ہی رہتی ہے، اور کہیں رات اور دن اتنے چھوٹے ہو تے ہیں کہ پانچوں نمازوں کے اوقات کے لیے کافی ہی نہیں ہوتے۔ ایسے ملکوں کے باشندے نمازکس طرح اداکریں گے؟ جواب:....وہ مقامات جہاں رات یادن کی یہ کیفیت ہو، نیز چوبیس گھنٹے میں وہاں زوال وغروب کا نظام نہ ہو، وہاں کے باشندوں کو پنچ وقتہ نماز میں اندازہ کرنا ہوگا۔ صحیح مسلم میں نواس بن سمعان رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ’’ ظہور دجال کے وقت پہلا دن ایک سال، دوسرا دن ایک ماہ اور تیسرا دن ایک ہفتہ کے برابر ہو گا۔‘‘ اور جب صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے نماز کے متعلق دریافت کیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ ایک ایک دن کااندازہ کر لو۔‘‘ البتہ وہ مقامات جہاں رات یادن کا بڑا یا چھوٹا ہونا چوبیس گھنٹے کے اندرہوتا ہے تو وہاں نماز کی ادائیگی میں کوئی پریشانی نہیں، عام دنوں کی طرح ان میں بھی نماز اداکی جائے گی، خواہ رات یادن چھوٹے ہی کیوں نہ ہو۔ کیونکہ اس سلسلے میں جو دلیلیں وارد ہیں وہ عام ہیں۔
Flag Counter