کھڑے ہو کر پیشاب کرنے کا حکم
سوال:....اگر بدن یا کپڑے پر چھینٹا نہ پڑ ے تو کیا آدمی کھڑے ہو کر پیشاب کر سکتا ہے؟
جواب:....کھڑے ہو کر پیشاب کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے، خصوصاً اس صورت میں جبکہ اس کی ضرورت ہو، جگہ ایسی ہو کہ کھڑے ہو کر پیشاب کرنے والے کی شرمگاہ دیکھی نہیں جاسکتی ہو اور پیشاب کا چھینٹا پڑ نے کا بھی خطرہ نہ ہو، اس لیے کہ حذیفہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ’’رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک قوم کے کوڑا خانہ کے پاس تشریف لائے اور کھڑے ہو کر پیشاب کیا۔‘‘ (متفق علیہ)
لیکن بیٹھ کر پیشاب کرنا افضل ہے، کیونکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا معمول یہی تھا۔ نیز اس سے شرمگاہ زیادہ پوشیدہ رہتی ہے اور پیشاب کا چھینٹا پڑ نے کا بھی امکان نہیں ہوتا۔
کیا غیر مسلم کی مدد کرنے سے وہ بھائی ہو جاتا ہے
سوال:....اگر ایک مسلمان کسی غیر مسلم کی مدد کرے تو کیا اس کا بھائی ہو جائے گا؟
جواب:....اگر کوئی مسلمان کسی دوسرے مسلمان کو یا غیر حربی کافر وں کو امداد دیتا ہے تو اس سے وہ بھائی نہیں ہو جاتا، اسی طرح اگر امداد دینے والی عورت ہو تو اس کا وہ محرم نہیں بن جاتا۔ لیکن اس احسان کے بدلے اس کو ثواب ضرور ہو تا ہے اگر چہ امداد حاصل کرنے والا کافر ہی کیوں نہ ہو۔ اس لیے کہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:
﴿وَ اَحْسِنُوْا اِنَّ اللّٰہَ یُحِبُّ الْمُحْسِنِیْنَ﴾ (البقرۃ:195)
’’احسان کرو، اللہ تعالیٰ احسان کرنے والوں کو محبوب رکھتا ہے۔‘‘
دوسری جگہ ارشاد ہے:
﴿لَا یَنْہٰکُمُ اللّٰہُ عَنِ الَّذِیْنَ لَمْ یُقَاتِلُوکُمْ فِی الدِّیْنِ وَلَمْ یُخْرِجُوکُمْ مِّنْ دِیَارِکُمْ اَنْ تَبَرُّوہُمْ وَتُقْسِطُوا اِِلَیْہِمْ اِِنَّ اللّٰہَ یُحِبُّ الْمُقْسِطِینَ ﴾ (الممتحنہ: 8)
|