Maktaba Wahhabi

82 - 242
أ۔ کتاب وسنت سے دلائل : اس سے قبل ہم یہ ذکر کرچکے ہیں کہ توحید کی تین قسمیں ہیں : ۱۔ توحیدِ ربوبیت ۲۔ توحیدِ اُلوہیت ۳۔ توحیدِ اسماء وصفات ۔اور ہم نے توحیدِ ربوبیت والوہیت کے دلائل تو ذکر کردئے ہیں، اب ہم توحید کی تیسری قسم یعنی توحیدِ اسماء وصفات کے دلائل کتاب وسنت سے ذکر کرتے ہیں تو لیجئے پہلے قرآن مجید کے دلائل ۔فرمانِ باری ہے : ﴿ وَلِلّٰہِ الْاَسْمَآئُ الْحُسْنٰی فَادْعُوْہُ بِہَا وَذَرُوْا الَّذِیْنَ یُلْحِدُوْنَ فِیْ اَسْمَآئِہٖ سَیُجْزَوْنَ مَا کَانُوْا یَعْمَلُوْنَ﴾(أعراف : 180) ترجمہ : اور اﷲ کے بہت ہی اچھے نام ہیں، پس تم لوگ اسے انہی ناموں کے ذریعے پکارو اور ان لوگوں سے برطرف ہوجاؤ جو اسکے ناموں کو بگاڑتے ہیں ( اسکے غلط معنی بیان کرتے ہیں )اور انہیں عنقریب انکے کئے کی سزا دی جائے گی۔اس آیتِ کریمہ میں اﷲ تعالیٰ نے اپنے لئے اسماء (مختلف ناموں )کو ثابت کیا ہے اور اس بات کی بھی خبر دی کہ وہ تمام کے تمام اچھے ہیں اور ان ناموں سے اسے پکارنے اور دعا کرنے کا حکم دیا ہے، یعنی اس طرح کہا جائے : یا اﷲ، یا رحمٰن، یا رحیم، یا حيّ،یا قیوم، یا رب العالمین۔ اور جو لوگ اسکے ناموں کو بگاڑتے ہیں، یعنی اسکے غلط معنی بیان کرکے حق سے ہٹ جاتے ہیں، یا تو اﷲ کے اسماء وصفات کی نفی کرکے، یا اسکی باطل تاویل کرکے، یا اسکے علاوہ اور کسی دوسرے الحاد کا شکار ہوتے ہیں تو اﷲ تعالیٰ نے انہیں انکے اس برے عمل کی سزا دینے کا وعدہ کیا ہے. نیز فرمان ہے : ﴿اللّٰہُ لَا إِلٰہَ إِلاَّ ہُوَ لَہُ الْاَسْمَآئُ الْحُسْنٰی﴾ ( طٰہٰ: 8 ) ترجمہ : اﷲ، اس کے سوا کوئی معبودِ برحق نہیں، تمام پیارے نام اسی کے لئے ہیں ۔
Flag Counter