تیسری فصل:
اس بارے میں کہ کائنات اور اس کی فطرت، اﷲ کی اطاعت میں جھکی ہوئی ہے
ساری کائنات، اپنے آسمان،زمین، ستاروں، سیّاروں، جانوروں، درختوں، شہروں، دیہاتوں، فرشتوں، جنوں اور انسانوں سمیت تمام کے تمام اﷲ تعالیٰ کے سامنے جُھکے ہوئے اور اس کے فطری احکام کے مطیع وفرمانبردار ہیں ۔ جیسا کہ فرمانِ الٰہی ہے : ﴿ وَ لَہٗ اَسْلَمَ مَنْ فِی السَّمٰوَاتِ وَالْاَرْ ضِ طَوْعًا وَّکَرْہًا﴾( آلِ عمران : 83) ترجمہ : اور آسمانوں اور زمین میں جو کچھ ہے، سب نے برضا اور بغیر رضا اُسی کے آگے گردن جھکا رکھا ہے ۔
نیز ارشاد ہے : ﴿ بَلْ لَّہٗ مَا فِی السَّمٰوَاتِ وَالْاَرْ ضِ کُلٌّ لَہٗ قَانِتُوْنَ ﴾ (البقرۃ : 116) ترجمہ : نیز فرمان ہے : بلکہ آسمانوں اور زمین کی ہر چیز اس کی ملکیت ہے، ہر چیز اس کے آگے گردن جھکائے ہوئی ہے ۔﴿ وَ لِلّٰہِ یَسْجُدُ مَا فِی السَّمٰوَاتِ وَمَا فِی الْاَرْ ضِ مِنْ دَآبَّۃٍ وَّالْمَلٰئِکَۃُ وَہُمْ لَا یَسْتَکْبِرُوْنَ ﴾ (النحل :49 ) ترجمہ : اور آسمانوں اور زمین میں جتنے چوپائے ہیں، اﷲ کو سجدہ کرتے ہیں، اور فرشتے بھی، درانحالیکہ وہ تکبر نہیں کرتے ہیں ۔
﴿ اَلَمْ تَرَ اَنَّ اللّٰہَ یَسْجُدُلَہٗ مَنْ فِی السَّمٰوَاتِ وَمَنْ فِی الْاَرْ ضِ وَالشَّمْسُ وَ الْقَمَرُ وَالنُّجُوْمُ وَالْجِبَالُ وَالشَّجَرُ وَالدَّوَآبُّ وَکَثِیْرٌ مِّنَ النَّاسِ ﴾( الحج :18) ترجمہ :کیا آپ نے نہیں دیکھا کہ وہ تمام مخلوقات جو آسمانوں اور زمین میں ہیں، اور سورج، چاند اور ستارے اور پہاڑ اور درخت اور چوپائے اور بہت سے بنی نوعِ انسان اﷲ کے لئے سجدے کر رہے ہیں ۔
|