مقدمہ
اَلْحَمْدُ ِاللّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ، وَالصَّلَاۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی نبیِّہِ الصَّادِقِ الْأَمِیْنِ، نَبِیِّنَا مُحَمَّدٍ وَّعَلٰی آلِہِ وَصَحْبِہِ أَجْمَعِیْن …وبعد
یہ کتاب علم توحید کے متعلق ہے، اس کتاب میں میں نے عبارت کی سہولت کے ساتھ ساتھ اختصار کو بھی پیش نظر رکھا ہے، میں نے کئی مشہور ائمہ کرام بالخصوص شیخ الإسلام إمام إبن تیمیہ، علامہ إبن القیم، اور شیخ الإسلام محمد بن عبد الوہاب، اور آپ کے شاگردوں میں جو اس مبارک دعوت (توحید)کے أئمہ (رحمہم اﷲجمیعا)گذرے ہیں، کی کتابوں سے میں اقتباسات نقل کئے ہیں ۔
اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ اسلامی عقیدہ کا علم بنیادی علم ہے، جو جو سیکھنے، سکھانے، اور پڑھنے پڑھانے، اور اس کے واجبات پر عمل کی توجہ کا سب سے زیادہ مستحق ہے، تاکہ اعمال صحیح ہوں اور اﷲ کے پاس مقبول ہوکر عمل کرنے والوں کے لئے فائدہ مند ثابت ہوں، بالخصوص ہم جس دور سے گذر رہے ہیں، اس میں دین سے منحرف کردینے والی زور دار آندھیاں چل رہی ہیں، الحاد کے جھکّڑ، تصوف اور رہبانیت کے جھٹکے، قبر پرستی اور بت پرستی کے جھونکے، اور ہدایت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کی مخالف بدعات کے دھارے، یہ تمام خطرناک تحریکیں ہیں، جب تک مسلمان ایسے صحیح عقیدہ سے مسلح نہ ہو جو کتاب وسنت اور ایسے عقائد پر مشتمل ہو، اور جس پرکہ اسلاف امت قائم تھے، بہت ممکن ہے کہ ضلالت وگمراہی کا یہ سیلاب اسے بہا لے جائے، اور یہی وہ خدشہ ہے جو اس بات کا متقاضی ہے کہ مسلمان بچوں کو صحیح عقیدہ کی تعلیم، اس کے اصلی سرچشمے سے دی جائے، اور اس پر کامل توجہ مبذول کی جائے ۔اور اﷲ کی بے شمار رحمتیں نازل ہوں ہمارے نبی محمد ( صلی اللہ علیہ وسلم )اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی آل اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اصحاب پر ۔وصلی اللّٰہ علی نبینا محمد وآلہ وصحبہ ۔
|