Maktaba Wahhabi

70 - 238
کسی کا باپ ہے) اور نہ وہ خود کسی سے نکلا ہے (کہ اس کو کسی کا بیٹا کہا جا سکے) اور نہ ہی کوئی اس کا ہم سر اور مثل و نظیر ہے۔ پس دیکھ لیجئے کہ کس طرح یہ سورت اعتقاد و معرفت کی توحید کو، اور اس حدیث کی توحید کو جو مطلق مشارکت کی نفی کرتی ہے اور اس صمدیت کی توحید کو متضمن ہے جو رب تعالیٰ کے لیے تمام صفات کے اس کمال کو ثابت کرتی ہے جس کو کسی قسم کا بھی نقص لاحق نہیں ہو سکتا، اور اولاد اور باپ کی بھی نفی بیان کی جو اس کے غنا، احدیث، اور صمدیت کے لوازم میں سے ہے، پھر اس ہم سری کی نفی کی جو تشبیہ، تمثیل اور نظیر کی نفی کو متضمن ہے۔ پس جو سورت ان تمام حقائق و معارف کو متضمن ہو وہ اس لائق ہے کہ اس کو قرآن کریم کے ایک ثلث کے برابر قرار دیا جائے۔ _________________________________________________ اصل متن :… ((وما وصف بہ نفسہ في أعظم آیۃ في کتابہ حیث یقول: ﴿اَللّٰہُ لَآ اِلٰہَ اِلَّا ہُوَ اَلْحَیُّ الْقَیُّوْمُ لَا تَاْخُذُہٗ سِنَۃٌ وَّ لَا نَوْمٌ لَہٗ مَا فِی السَّمٰوٰتِ وَمَا فِی الْاَرْضِ مَنْ ذَا الَّذِیْ یَشْفَعُ عِنْدَہٗٓ اِلَّا بِاِذْنِہٖ یَعْلَمُ مَا بَیْنَ اَیْدِیْہِمْ وَ مَا خَلْفَہُمْ وَ لَا یُحِیْطُوْنَ بِشَیْئٍ مِّنْ عِلْمِہٖٓ اِلَّا بِمَا شَآئَ وَسِعَ کُرْسِیُّہُ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضَ وَ لَا یَؤُْدُہٗ حِفْظُہُمَا وَ ہُوَ الْعَلِیُّ الَعَظِیْمُ﴾۔)) ’’اور (ان جملہ صفات میں رب تعالیٰ کی) وہ صفت بھی (شامل اور داخل) ہے جس کو رب تعالیٰ نے اپنی کتاب کی سب سے عظیم آیت (یعنی آیت الکرسی) میں اپنے بارے میں بیان فرمایا ہے، چناں چہ ارشاد فرمایا: ’’اللہ (وہ ہے کہ) اس کے سوا کوئی معبود نہیں ، زندہ ہے، ہر چیز کو قائم رکھنے والا ہے، نہ اسے کچھ اونگھ پکڑتی ہے اور نہ کوئی نیند، اسی کا ہے جو کچھ آسمانوں میں اور جو کچھ زمین میں ہے، کون ہے وہ جو اس کے پاس اس کی اجازت کے بغیر سفارش کرے، جانتا ہے جو کچھ ان کے سامنے اور جو ان کے پیچھے ہے اور وہ اس کے علم میں سے کسی چیز کا احاطہ نہیں کرتے مگر جتنا وہ چاہے۔ اس کی کرسی آسمانوں اور زمین کو سمائے ہوئے ہے اور اسے ان دونوں کی حفاظت نہیں تھکاتی اور وہی سب سے بلند، سب سے بڑا ہے۔‘‘ (البقرۃ: ۲۵۵) _________________________________________________ شرح:… آیت الکرسی کی عظمت: مسلم شریف میں حضرت ابی بن کعب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ: ’’نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے دریافت فرمایا: ’’کتاب اللہ کی سب سے عظیم آیت کون سی ہے؟‘‘ انہوں نے عرض کیا: ’’اللہ اور اس
Flag Counter