Maktaba Wahhabi

41 - 84
﴿احکام شریعت پہچاننے کا ذریعہ صرف اسناد ہی ہے﴾ امام ابن المبارک رحمۃ اللہ علیہ فرمایاکرتے تھے اسناد دین کی چیز ہے۔ آپ فرماتے ہیں میرے نزدیک اسنا د دین کی چیز ہے اگر اسناد نہ ہوتی تو جو شخص جو چاہتا کہہ ڈالتا۔ آپ کا فرمان ہے جو شخص امر دین کو سند کے بغیر تلاش کرتا ہے اس کی مثال ایسی ہی ہے جیسے کوئی شخص بغیر زینے کے چھت پر چڑھنا چاہتا ہو۔ محمد بن شادان جوہری ایک مرتبہ امام عبداللہ بن مبارک رحمہ اللہ سے ایک سند پوچھتے ہیں جسے وہ بھو ل گئے تھے تو آپ نے فرمایاجانتے ہو ابو سعید حدار رحمہ اللہ علیہ نے اسناد کے بارے میں کیافرمایا ہے ؟آپ کافرمان ہے کہ سند زینے کی مانند ہے۔ جب زینے پر چڑھتے ہوئے قدم پھسلا تو گر پڑؤ گے۔ اور رائے قیاس کی مثال بے اصل چیز کی طرح ہے۔ امام سفیان ثوری رحمہ اللہ فرماتے ہیں سند مسلمان کا ہتھیار ہے جب ہتھیار ہی کسی کے پاس نہ ہو تو لڑے گاکیا؟ ﴿اہلحدیث رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے امانت بردار ہیں﴾ امام ابو حاتم رازی رحمہ اللہ فرماتے ہیں اگلی تمام امتوں میں اپنے رسولوں کی حدیثوں کو یاد کرنیوالے نہ تھے اللہ تعالیٰ نے یہ وصف صرف اسی امت میں رکھا ہے۔ ایک شخص نے کہا کہ امام صاحب یہ لوگ کبھی توبے اصل اور غیر صحیح حدیث بھی بیان کر دیتے ہیں۔ آپ نے فرمایا گووہ بیان کریں لیکن ان کے علماء صحیح غیر صحیح کی پور ی معرفت رکھتے ہیں۔ ایسی غیر صحیح حدیثوں کی روایت صرف اس لئے ہوتی ہے کہ بعد والے دھوکہ میں نہ آجائیں اور انھیں معلوم ہو جائے کہ ان لوگوں نے خوب چھان بین کرلی ہے اور احادیث حفظ کرلی ہیں۔
Flag Counter