Maktaba Wahhabi

42 - 84
اللہ تعالیٰ ابو زرعہ پر رحم کرے اللہ کی قسم وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیثوں کے حفظ کرنے میں بیحد تکلیف اٹھایاکرتے تھے اس میں ان کا جہاد بہت بڑھا ہوا تھا۔ امام عبداللہ بن داؤد ضریبی رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ میں نے اپنے اماموں سے اور جو ہم سے بہت بڑے بزرگ ہیں سنا ہے وہ فرماتے تھے کہ اہلحدیث اور علم جاننے والے اللہ تعالیٰ کے امانت بردار اور اس کے نبی کی سنتوں کے محافظ ہیں جب تک اس کا علم و عمل ان میں رہے۔ کہمس ہمدانی رحمہ اللہ فرماتے ہیں جو شخص اہلحدیثوں کو دین کے محافظ نہ مانے وہ ان کمزور مسکینوں میں ہے جو اللہ کے دین کو دین نہیں جانتے دیکھو خود اللہ جل و علا اپنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتا ہے اَﷲُ نَزَّلَ اَحْسَنَ الْحَدِیْثِ (الزمر:23) اللہ تعالیٰ نے بہت ہی اچھی حدیث نازل فرمائی ہے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں مجھ سے حدیث بیان کی جبرئیل علیہ السلام نے وہ روایت کرتے ہیں اللہ عزوجل سے۔ ﴿اہلحدیث حامیان دین ہیں وہ سنتوں سے اعتراضات دُور کرتے ہیں﴾ امام سفیان ثوری رحمہ اللہ فرماتے ہیں فرشتے آسمانوں کے دربان ہیں اور اہل حدیث زمین کے پاسبان ہیں۔ امام یزید بن ذریع رحمہ اللہ فرماتے ہیں ہر دین کے شہسوار ہوتے ہیں اور اس دین کے شہسوار اہلحدیث ہیں جو کہ اسناد کے نگہبان ہیں۔ قاسم بن نصر مخبرمی رحمہ اللہ فرماتے ہیں ایک شخص نے خواب میں دیکھا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم آرام فرمارہے ہیں اور امام یحییٰ بن معین محدث رحمہ اللہ آپ کے سرہانے کھڑے ہوئے مورچھل جھل رہے ہیں صبح آکر وہ اپنا یہ خواب ذکر کرتے ہیں تو امام صاحب نے فرمایا اس کی تعبیر ظاہر ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر سے جھوٹی باتوں کوہم دفع کرتے ہیں۔
Flag Counter