Maktaba Wahhabi

113 - 306
حسین ترین لمحات کو خوفناک اور اذیت ناک بنایا، میں نے آپ کا دل کرچی کرچی کردیا، میں نے اس انسان کو تکلیف دی جو فرشتہ صفت ہے اور اس شخص کی وجہ سے دی جو شیطانی کارندہ ہے۔ میں اللہ کو گواہ بنا کر کہتی ہوں کہ وہ مجھ سے تنہائی میں ملنے کا کہتا رہا مگر میں سختی سے انکار کرتی رہی اور آج تک اسے تنہائی میں نہیں ملی حتی کہ اس کی نیت مجھ پر آشکارہو گئی اور میں اس سے نفرت کرنے لگی۔ میں آپ کے قابل تو نہیں، مجھ جیسی بد تمیز اور بد اخلاق عورت آپ جیسے شریف النفس اور حلیم الطبیع انسان کی بیوی ہونے کا حق تو نہیں رکھتی، لیکن میں نے آج تک اپنی عزت پر حرف نہیں آنے دیا اور اپنے خاندان کا سر کبھی نہیں جھکنے دیا۔ اگر آپ مجھے اپنی بیوی بنانا چاہیں تو میں اللہ کو گواہ بنا کر کہتی ہوں کہ آپ کی نافرمانی کبھی نہیں کروں گی، آپ کو کبھی پریشان نہیں ہونے دوں گی، آپ جیسے عظیم انسان کی خدمت فخر سمجھ کر کروں گی، آپ کے مال آپ کے گھر اور اپنی عزت کی حفاطت کروں گی اور آپ کے لیے بہترین بیوی ثابت ہوں گی۔ اور اگر آپ کو مجھ جیسی عورت کو اپنانا اچھا نہ لگے اور آپ کے لیے ایسا کرنا مشکل ہو تو اپنے پاؤں سے مجھے ٹھوکر ماردیجئے، میں اسے طلاق تصور کروں گی۔ میرا خاوند کچھ دیر کے لیے ساکت کھڑا رہا، پھر میرے اوپر جھکا، اس نے بڑی شفقت سے میرے کندھوں سے پکڑ کر مجھے اٹھایا اور خوش ہوتے ہوئے کہا میری جان! تم ہی میری بیوی ہو، میں نے اتنے لوگوں کے سامنے تجھے عقد زوجیت میں لیا ہے، مجھے علم تھا کہ آپ کے چچا جیسا شریف النفس اور باعمل آدمی کسی کو دھوکہ نہیں دے سکتا وہ ایک خیر خواہ انسان ہیں، مجھے تم جیسی بیوی پر فخر ہوگا، کیا تم اگلا مہینہ میرے ساتھ بطور شھر العسل گزاروگی ؟ میں نے اپنے خاوند کی طرف ممنون نگاہوں سے دیکھا اور میرے لبوں پر ہلکی سی مسکراہٹ پھیل گئی۔
Flag Counter