Maktaba Wahhabi

141 - 195
8.اچانک معزولی : قبل از وقت اچانک مزدور کی معزولی ناجائز ہے ، کیونکہ اصول بیان ہوچکا کہ لاضرر ولا ضرار[1] ’’نہ (پہلے پہل) کسی کو نقصان پہنچانا اور تکلیف دینا جائز ہے، نہ بدلے کے طور پر نقصان پہنچانا اور تکلیف دینا۔‘‘ البتہ اگر کوئی مصلحت عامہ یا خاصہ موجود ہو تو ایسا کیا جاسکتا ہے۔ 9.مزدور حقیر نہیں ہوتا جیسا کہ بیان ہوچکا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے مزدروں کو بھی بھائی قرار دیا اور انبیاء اور دیگر برگزیدہ شخصیات نے بھی مزدوریاں کیں ، لہٰذا مزدور کے ساتھ حقارت آمیز سلوک کسی صورت جائز نہیں ۔ بلکہ مزدور مکمل عدل کے ساتھ اپنے ذمے کام کو ادا کرے تو اس کے دیگر فوائد کے ساتھ ساتھ یہ بڑی عظمت و شرف کی بات ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : إن اللہ يحب إذا عمل أحدكم عملا أن يتقنہ [2] ’’اللہ تعالیٰ اس بات کو پسند کرتا ہے کہ جب تم میں سے کوئی ، کام کرے تو اسے مضبوطی سے کرے ‘‘ 10. مزدور پر ظلم و زیادتی کی کوئی گنجائش نہیں : مزدور ، خادم وغیرہ پر کسی قسم کے ظلم و زیادتی اور جبر کی کوئی اجازت نہیں اور نہ ہی اسے کبھی مارنے کی اجازت دی گئی ہے کہ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے اوصاف نبیلہ بیان کرتے ہوئے فرماتی ہیں : وما ضرب رسول اللّٰہ شیئا قط بیدہ ولا إمراۃ ولا خادما إلا أن یجاھد في سبیل اللّٰہ[3] ’’ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کبھی کسی کو اپنے ہاتھ سے نہیں مارا،نہ کسی عورت کو،نہ کسی غلام کو، مگر یہ کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اللہ کے راستے میں جہاد کررہے ہوں ۔‘‘
Flag Counter