Maktaba Wahhabi

129 - 195
نبی رحمت صلی اللہ علیہ وسلم اور مزدور حافظ محمد یونس اثری [1] رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم تمام جہانوں کے لیے بالعموم اور بالخصوص ثقلین کے لیے رحمت بن کر آئے ، یہی وجہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم جو دین لے کر آئے ، وہ مکمل طور پر رحمت ہی رحمت ہے، دینِ محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے معاشرے کو باہمی اخوت اور بھائی چارے کی جن لڑیوں میں پرویا ،اس کا تقاضا یہی ہے کہ ایک شخص دوسرے کے لیے بھی امن و سکون اور محبت و الفت کا سامان بن جائے ، جب یہ نکتہ واضح ہےکہ اسلامی معاشرہ کی اساس ہی اخوت اور بھائی چارگی اور باہمی ترحم پر قائم ہے تو یہ بات بھی معلوم ہے کہ اس معاشرت کا ایک اہم ترین حصہ مزدور کے ساتھ حسن سلوک ہے ، کیونکہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات مزدوروں کے لیے بھی سامان رحمت بن کر آئی ہیں اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی اس حوالے سے دی گئی ایک ایک تعلیم اور مقرر کیے گئے ضوابط مزدوروں کے لیے رحمت کا انمول خزینہ کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ اس سے بڑی مزدوری کی شان کیا ہوگی کہ نبوی تعلیمات میں محنت مزدوری کی ترغیب دی گئی ہے ، کیونکہ محنت مزدوری کے نتائج فرد واحد نہیں بلکہ اس کے پورے معاشرے پر مثبت اور مفید اثرات منتج ہوتےہیں ،یہی وجہ ہے کہ یہ محنت مزدوری وہ عمدہ صفت ہے جو انبیاء ، صحابہ کرام ، سلف صالحین کی سیرت کا نمایاں پہلو شمار ہوتی ہے۔ جیساکہ آئندہ سطور میں آپ ملاحظہ کرسکیں گے ۔
Flag Counter