Maktaba Wahhabi

73 - 362
کی وجہ یہ ہوگی کہ وہ گواہی کے ادا کرنے پر اپنی ذاتی مصلحتوں پر ترجیح دیں گے۔ یہ بھی قیامت کی نشانیوں میں سے ایک ہے جیسا کہ پہلی حدیث میں گزر چکا ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ’’ بے شک قیامت سے بیشتر کچھ نشانیاں ظاہر ہوں گی … اوران میں سے ایک نشانی بتائی کہ… اورلوگ سچی گواہی کو چھپائیں گے۔‘‘ (مسند احمد ،شعیب ارناؤوط نے حسن کہا ہے۔) ۲۸۔جہالت کا پھیل جانا اللہ تعالیٰ نے اپنے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو علم حاصل کرنے کا حکم دیا تھا، ارشاد فرمایا: ’’ اے پیغمبر ! آپ دعا کریں اے اللہ! میرے علم میں اضافہ فرمادے۔ ‘‘ (طہ: ۱۱۴) سو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم (بذریعہ وحی )علم سیکھتے اور لوگوں کو سیکھاتے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے جہالت کی مذمت کرتے ہوئے ارشاد فرمایا ہے : ’’بے شک اللہ تعالیٰ نا پسند کرتے ہیں ، ہر ایک تند خو، بازاروں میں (بآواز بلند ) چیخنے والے، رات کے مردار اور دن کو گدھے کی طرح پھرنے والے کو، جسے اپنی دنیا کا تو پتہ ہے مگر آخرت سے لا علم ہے۔‘‘ (صحیح ابن حبان) آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس بات کی خبر دی تھی کہ جہالت کا پھیل جانا قیامت کی نشانیوں میں سے ہے۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: آئندہ زمانہ میں علم اٹھا لیا جائے گا اور جہالت اور فتنے غالب ہو جائیں گے ۔‘‘ (البخاری) اور ایک دوسری روایت میں ہے: ’’نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ’’ قیامت سے چند دن پہلے ایسے ہوں گے ان میں علم اٹھا لیا جائے گا، اور جہالت طاری ہوجائے گی۔‘‘ (مسند احمد)
Flag Counter