Maktaba Wahhabi

179 - 362
۱۲۷۔مومنین کی روحیں قبض کرنے کے لیے پاکیزہ ہوا کا چلنا قیامت کی نشانیوں کے پے درپے واقع ہونے کے بعد، اور قیامت کی بڑی نشانیاں جیسے دجال کا خروج اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا نزول ہوجانے کے بعدقیامت بہت قریب ہوگی۔ اس وقت اللہ تعالیٰ ایک پاکیزہ ہوا چلائیں گے، جو اہل ایمان کی روحیں قبض کرلے گی؛ تاکہ انہیں خوف و وحشت سے محفوظ کرلیاجائے؛ یہ قیامت کے بالکل قریب ہوگا، اس کے کہ قیامت صرف برے لوگوں پر قائم ہوگی۔ سیّدنا نواس بن سمعان رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے دجال کا ذکر کیا ؛ اوراس دوران فرمایا : ’’وہ اسی حال میں ہوں گے کہ اللہ تعالیٰ ان کے بغلوں کے نیچے سے ایک ایسی ہوا بھیجے گا جو ہر مومن کی روح قبض کرے گی اور باقی صرف برے لوگ رہ جائیں گے جو گدھوں کی طرح راستے میں جماع کرتے پھریں گے اور انہی پر قیامت قائم ہوگی ۔‘‘ (مسلم) سیّدناعبد اللہ بن عمرو رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ دجال نکلے گا … پھر اللہ تعالیٰ شام کی طرف سے ایک ٹھنڈی ہوا بھیجیں گے، تو زمین پر کوئی ایک آدمی بھی ایسا باقی نہیں رہے گا جس کے دل میں ذرہ بھر بھی خیر یا ایمان موجود ہو۔ یہاں تک کہ اگر تم میں سے کوئی ایک پہاڑ کے دل (سوراخ) میں داخل ہوگا، تویہ ہوا وہاں داخل ہو کر اس کی روح کوقبض کرلے گی۔‘‘ (مسلم) یہ ہوا دجال کے نکلنے کے بعد ؛ اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی موت کے بعد چلے گی۔
Flag Counter