Maktaba Wahhabi

74 - 362
نیز آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ لوگوں پر ایک ایسا زمانہ آئے گا جس میں انہیں یہ معلوم نہیں ہوگا کہ نماز کیا ہے ؟ اور روزہ کیا ہے ؟ اور صدقہ کیا ہے ؟‘‘ (طبرانی ) آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’قیامت سے پہلے کچھ نشانیاں ظاہر ہوں گی … ان میں ایک یہ بھی تھی کہ : جہالت پھیل جائے گی ۔‘‘( مسند احمد ، شعیب ارناؤوط نے حسن کہا ہے۔ ) جو کوئی آج کل کے بہت سارے اسلامی ممالک کے بسنے والے لوگوں کے حالات پر اگر غور وفکر کرے تو پتہ چلے گا کہ لوگوں کو اسی بات کا پتہ ہے جس کا تعلق ان کی معیشت یا دوسری مصلحتوں سے ہے۔ کسی ایک کو یہ تو معلوم ہوگا کہ کمپیوٹر کیسے استعمال کرے، اور موبائل فون کیسے استعمال کرے ؛ گاڑی کیسے چلائے ؛ اور اس طرح کے دیگر امور۔ اور اگر آپ اسی شخص سے یہ پوچھیں کہ ﴿ اللّٰہُ الصَّمَد﴾ کا کیا معنی ہے ؟ اور ﴿غَاسِقٍ اِذَا وَقَبَ﴾ کا کیا معنی ہے؟ اور نماز میں سجدہ سہو کب کیا جائے گا ؟ سلام سے پہلے یا سلام کے بعد ؟ تو آپ اس کی بالائی منزل کو ان معلومات سے بالکل خالی پائیں گے۔ ہاں ، کیوں نہیں ، جہالت پھیل جائے گی … ایک دن مجھ سے ایک طالب علم نے سوال کیا : کیا نفل نماز پڑھنے سے پہلے بھی وضو کرنا واجب ہے یا صرف فرض نماز سے پہلے وضو کیا جاتا ہے ؟ مجھے اس کے سوال پر بہت تعجب ہوا ؛ مگر میرا یہ تعجب اس وقت اور بھی بڑھ گیا جب مجھے یہ پتہ چلا کہ یہ انسان بی اے کے تیسرے سمسٹر کا طالب علم ہے۔ اس جہالت کے ساتھ دیگر مسائل کو بھی شامل کر لیجیے۔ بہت سارے لوگ طلاق، نکاح، خرید و فروخت اور عبادات کے احکام سے بالکل لا علم ہیں ، حالانکہ یہ مسائل جاننے کی بہت سخت ضرورت ہے۔ اور میرا خیال یہ ہے کہ اس کا سبب غفلت میں ڈالنے والی چیزوں (جیسے ٹی وی وغیرہ ) کی کثرت اور لوگوں کی اپنے معاش میں مشغولیت ؛ علمی حلقوں میں بیٹھنے کو ترک کرنا ؛ اور شرعی کتابوں کا مطالعہ چھوڑ دینا ہے۔ (واللّٰہ المستعان)
Flag Counter