Maktaba Wahhabi

215 - 362
دجال کون ہے ؟ یہ بنی آدم میں سے ایک انسان ہے، جس کو اللہ تعالیٰ نے کچھ ایسی قدرات عطا کی ہیں جو اس کے علاوہ کسی اور بشر کو حاصل نہیں ہیں ۔اللہ تعالیٰ نے اسے یہ قدرت لوگوں کے امتحان اورآزمائش کے لیے دی ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں گمراہی میں اس کے پیروکاروں سے خبردار کیا، اور ہمیں اس کی اخلاقی اورپیدائشی صفات سے آگاہ کیا ہے۔ اب دجال کے بارے میں گفتگو کرتے ہیں کسی چیز کے بارے میں علم ہوجانا اس کے متعلق جہالت سے زیادہ بہتر ہے۔ سیّدناحذیفہ بن یمان رضی اللہ عنہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے شر کے بارے میں اس لیے دریافت فرمایا کرتے تھے کہ ’’کہیں وہ شر میں واقع نہ ہوجائیں ۔ ‘‘ (بخاری) دجال چونکہ سب سے بڑا فتنہ ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو اس کے اپنی امت پر خوف محسو س ہورہا تھا، اس لیے آپ نے اس سے آگاہ کیا، اس کا خوف دلایا اور اس سے ڈرایا۔ اس لیے کہ دجال کے ساتھ بہت سارے فتنے اور شبہات ہوں گے اور اس کے ساتھ ہی دجال یہ دعویٰ بھی کرے گا کہ وہ تمام جہانوں کا رب ہے۔ جب ہمیں دجال کی صفات اور اس سے بچنے کے طریقے معلوم ہوں گے، تو اللہ تعالیٰ ہمیں اس کے شر سے محفوظ رکھے گا۔ المسیح الدجال نام کی وجہ اس کا نام مسیح اس لیے رکھا گیا ہے کہ اس کی ایک بائیں آنکھ مسح شدہ ( کانی ) ہے۔ وہ کانا ہے، صرف ایک ہی آنکھ سے دیکھ سکتا ہے، یہ بھی کہا گیا ہے کہ دجال کانا م (المِسِّیح )ہے، اور اسے (المِسِّیخ ) بھی کہا گیا ہے ۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ اسے مسیح اس لیے کہا گیا ہے کہ یہ ساری زمین کامسح کرے گا، او رپوری روئے ارض پر گھومے گا۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ اس کے چہرے کا ایک پہلو جس میں آنکھ ہے ، نہ ہی پلکیں اور بھنویں ۔
Flag Counter