Maktaba Wahhabi

44 - 146
اَلْحَسِیْبُ وہ ہے جو: ﴿کَفٰی بِنَفْسِکَ الْیَوْمَ عَلَیْکَ حَسِیْبًا﴾ (بنی اسرائیل: ۱۴) ’’اے بندہ! آج تو خود اپنے نفس کا حساب کرنے میں کافی ہے۔‘‘ کا حکم جاری فرمائے گا۔ اَلْحَسِیْبُ وہ ہے جو ﴿جَزَآئً مِّنْ رَبِّکَ عَطَائً حِسَابًا﴾ (النبا: ۳۶) ’’تیرے رب کی طرف سے جو جزا ملے گی وہ عطا ہو گی اور وہ اندازہ باندازہ ہو گی۔‘‘ اَلْکَرِیْمُ ’’بہت کرم کرنے والا‘‘ کرم سے ہے۔ کرم کے معنی عظمت، شرف، عزت اور جود و سخاوت ہیں ۔ اہل زبان کریم کی صفت میں کہا کرتے ہیں کہ کریم وہ ہے کہ وعدہ کرے تو پورا کر دے۔ قدرت پا کر قصور معاف کر دے، عیب دیکھے اور پردہ پوشی کرے، قصور معلوم کرے اور درگزر فرمائے۔ بے شک اللہ تعالیٰ جملہ معانی کے اعتبار سے کریم ہے۔ وہی کرامتِ حقیقی کا مالک ہے اور وہی صاحب جود و کرم ہے۔ اللہ تعالیٰ کریم ہے کیونکہ وہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا بھیجنے والا ہے: ﴿وَجَآئَ ہُمْ رَسُوْلٌ کَرِیمٌ﴾ (الدخان: ۱۷) اللہ تعالیٰ کریم ہے کوینکہ وہ قرآن کریم کا اتارانے والا ہے۔ ﴿اِِنَّہٗ لَقُرْاٰنٌ کَرِیمٌ﴾ (الواقعۃ: ۷۷) اللہ تعالیٰ کریم ہے کیونکہ اجر کریم کا عطا فرمانے والا ہے۔ ﴿وَلَہُمْ اَجْرٌ کَرِیمٌ﴾ (الحدید: ۱۸) اللہ تعالیٰ کریم ہے کہ مُدْخَلٌ کَرِیْمٌ کا داخلہ اسی کے حکم میں ہے۔
Flag Counter