Maktaba Wahhabi

282 - 421
حضرت مولانا محمد ادریس صاحب کاندہلوی قدس سرہ فرماتے ہیں: "ذاتی طور پر اللہ تعالیٰ نے مردوں کو عورتوں پر بہت سی باتوں میں فضیلت دی ہے، اور اس فضیلت کا اقتضاء یہی ہے کہ مرد عورتوں پر حاکم ہوں اور عورتیں ان کی محکوم ہوں۔ حق تعالیٰ نے بہ نسبت عورتوں کے مردوں کو عقل اور علم اور حلم و فہم اور حسن تدبیر اور قوت نظریہ اور قوت عملیہ اور قوت جسمانیہ وغیرہ کچھ زائد عطا کی ہیں، اور نبوت اور خلافت اور بادشاہت اور قضاء و شہادت اور وجوب جہاد، اور جمعہ و عیدین، اور اذان اور خطبہ اور جماعت اور میراث میں حصہ کی زیادتی اور نکاح کی مالکیت اور تعدد ازواج اور طلاق کا اختیار اور بلا نقصان کے نماز اور روزہ کا پورا کرنا اور حیض اور نفاس اور ولادت سے محفوظ رہنا، یہ فضائل حق تعالیٰ شانہ نے مردوں ہی کو عطا کیے۔ جسمانی قوت میں عورتیں مردوں کا مقابلہ نہیں کر سکتیں، اور ظاہر ہے کہ کمزور اور ناتواں کو قوی اور توانا پر نہ حکومت کا حق ہے اور نہ وہ کر سکتی ہے۔ قضا و قدر نے عورتوں کی سرشت میں برودت اور نزاکت رکھی ہے اور مردوں میں حرارت اور قوت رکھی ہے۔ اسی وجہ سے فوجی بھرتی، جنگ و جدال اور قتال اور شجاعت و بہادری اور میدان جنگ میں حکومت و سلطنت کے لیے جانثاری اور سرحدوں کی حفاظت اور حکومت کی بقاء کے لیے جس قدر اعمال شاقہ کی ضرورت پڑتی ہے، وہ سب مردوں ہی سے سرانجام پاتے ہیں۔ مرد کی ساخت اور بناوٹ ہی اس کی فضیلت اور فوقیت کا ثبوت دے رہی ہے، اور عورت کی فطری نزاکت اور اس کا حمل اور ولادت اس کی کمزوری اور لاچاری کی کھلی دلیل ہے۔" (معارف القرآن: 3/71) مردوں کے قوام ہونے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ عورت کا نان و نفقہ شریعت نے مرد کے ذمہ لگایا ہے، اس لحاظ سے عورت کو مرد کا محتاج بنایا گیا تاکہ انسان کی خاندانی زندگی اچھی رہے۔ قرآن حکیم میں اللہ تعالیٰ نے سیدنا آدم علیہ السلام کی جنت کی زندگی بیان کرتے ہوئے فرمایا:
Flag Counter