Maktaba Wahhabi

3 - 362
اس کتاب میں کیا خاص ہے؟ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ وَالصَّلَاۃُ وَالسَّلَامُ عَلیٰ سَیِّدِ الْاَنْبِیَائِ وَالْمُرْسَلِیْنَ نَبِیِّنَا مُحَمَّدٍ وَّ عَلٰی آلِہٖ وَصَحْبِہٖ أَجْمَعِیْنَ أَمَّا بَعْد! ہم اس وقت ایک جدید دور سے گزر رہے ہیں ، جہاں تمام دُنیا ایک ہی گاؤں کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ دُنیا میں کچھ بھی ظہور پذیر ہوتا ہے تو فوراً مختلف ذرائع ابلاغ سے ہم تک پہنچ جاتا ہے۔ کبھی خبر آتی ہے کہ امام مہدی کا ظہور ہو گیا ہے، اور کبھی پتہ چلتا ہے کہ افریقہ کے دُور دراز علاقے میں ایک شخص عیسیٰ ابن مریم علیہ السلام ہونے کا دعویٰ کر رہا ہے۔ کوئی امریکہ کو اس کے ظلم و ستم کی وجہ سے ’’دجال ‘‘قرار دیتا ہے تو کوئی چائنہ کی ہر طرف چھائی ہوئی اشیاء کی بنا پر اسے ’’یاجوج ماجوج‘‘سے تعبیر کرتا ہے۔ ایسے میں بہت سے سوالات ہمارے ذہنوں میں بھی کلبلاتے ہیں کہ …قیامت کب آئے گی؟ دجال کب ظاہر ہو گا؟ یاجوج ماجوج کہاں ہے؟ عیسیٰ علیہ السلام اور امام مہدی کب ظاہر ہو کر دجال سے جنگ کریں گے؟ اور ایسے ہی بہت سے سوالات اور خبریں ہیں جن کے بارے ہم سچ جاننا چاہتے ہیں ۔ اللہ تعالیٰ نے ہمیں اپنے پیغمبر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ذریعے سے بہت سی غیب کی خبروں کا علم منتقل فرمایا۔ ان خبروں کا تعلق ’’ایمان بالغیب‘‘ (البقرہ:۳)سے ہے۔ ان سے متعلق قرآن اور احادیث صحیحہ میں جو بھی نصوص وارد ہیں اُن پر ایمان رکھنا ضروری ہے کہ وہ حق اور سچ ہیں خواہ وہ ہمارے مشاہدے میں آئی ہوں یا نہیں ۔ علاماتِ قیامت سے متعلق یہ پہلی تصویری کتاب ہے جس میں قرآن و احادیث کی روشنی میں ان تمام سوالات کے جوابات موجود ہیں جن کے متعلق آج کل خبریں یا کتابیں چھپ چکی ہیں ۔ ان کتابوں میں ہر مصنف نے اپنے ہی نظریے کو سچ ثابت کرنے کے لیے دلائل دیے ہیں جب کہ اس کتاب میں مصنف نے اپنی کوئی بات بھی پیش نہیں کی ، ہر خبر کے آثار قرآن و حدیث سے لیے ہیں ، جو اس کتاب کی علمی اور تحقیقی حیثیت کا اثاثہ ہیں ۔
Flag Counter