Maktaba Wahhabi

416 - 586
٭…ہر چکر میں جب رکن ِیمانی پر پہنچیں تو اس کو ہاتھ لگائیں لیکن اگر ہاتھ سے اس کو چھو نہیں سکتے تو پھر اشارہ نہیں کرنا۔ ان سات چکروں کے بعد ملتزم یعنی حجرِ اسود اور دروازے کے درمیان کھڑے ہوں اور وہاں اپنا سینہ، چہرہ، ہتھیلیاں اور کہنیاں رکھ سکتے ہیں اور دعائیں کرسکتے ہیں۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے یہ عمل ثابت ہے۔[1] نوٹ:… برہنہ شخص اور حائضہ عورت بیت اللہ کا طواف نہیں کر سکتے۔ جیسا کہ سیّدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ((أَلاَ لاَ یَحُجُّ بَعْدَ العَامِ مُشْرِکٌ وَلاَ یَطُوفُ بِالْبَیْتِ عُرْیَانٌ)) [2] ’’خبردار! اس سال (یعنی فتح مکہ) کے بعد کوئی مشرک حج نہ کرے اور نہ ہی کوئی برہنہ شخص بیت اللہ کا طواف کرے۔‘‘ اور سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کو جب حج کے موقع پر حیض آ گیا تو خیمے میں بیٹھی رو رہی تھیں، تو نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ((افْعَلِی مَا یَفْعَلُ الحَاجُّ، غَیْرَ أَنْ لاَ تَطُوفِی بِالْبَیْتِ حَتّٰی تَطْہُرِی)) ’’ ہر کام جو حاجی کرتے ہیں تم بھی کرتی چلی جا ؤ،لیکن بیت اللہ کا طواف نہ کرنا، حتیٰ کہ تم پاک ہو جاؤ۔‘‘ ٭…جب آپ ساتویں چکر سے فارغ ہوجائیں تو پھر اپنے دائیں کندھے کو (جس کوننگا کیا تھا) ڈھانپ لیں اور مقامِ ابراہیم کی طرف آئیں اور اس کے پیچھے دو رکعتیں ادا کریں۔ پہلی رکعت میں سورۃ الکافرون اور دوسری میں سورۃ الاخلاص پڑھیں۔ [3] نوٹ:… ان دو رکعتوں کے بعد دعاکرنا سنت سے ثابت نہیں۔[4]
Flag Counter