Maktaba Wahhabi

181 - 406
چلے جاؤ، میرے پاس ہوکر یہ تنازعہ اور اختلاف زیب نہیں دیتا ۔‘‘[1] اسی کتاب میں اس شبہ پر ہم پہلے سے ردّ کر چکے ہیں ۔ ٭ ان کا یہ کہنا کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے اختلاف کی وجہ سے امت اسلامیہ عصمت سے محروم ہوئی اور قیامت تک کے لیے گمراہی اوراختلافات کی نظر ہوگئی ....‘‘ جواب:....تو اس کا جواب یہ ہے کہ یہ بات بالکل باطل ہے۔ اس کا مطلب یہ بنتا ہے کہ رسو ل اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی امت کو اس چیز کی تبلیغ نہیں کی تھی جو انہیں گمراہی اور تفرقہ بازی سے محفوظ رکھے اور نہ ہی آپ نے صحابہ کے اختلاف کی وجہ سے اپنے رب کی شریعت کی تبلیغ کی حتی کہ آپ کا انتقال ہوگیا۔اور اس طرح آپ نے اپنے رب کے اس حکم کی مخالفت کی ہے جس میں اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں : ﴿ يَاأَيُّهَا الرَّسُولُ بَلِّغْ مَا أُنْزِلَ إِلَيْكَ مِنْ رَبِّكَ وَإِنْ لَمْ تَفْعَلْ فَمَا بَلَّغْتَ رِسَالَتَهُ وَاللّٰهُ يَعْصِمُكَ مِنَ النَّاسِ إِنَّ اللّٰهَ لَا يَهْدِي الْقَوْمَ الْكَافِرِينَ﴾ [المائدۃ: ۶۷] ’’اے رسول! پہنچا دے جو کچھ تیری طرف تیرے رب کی جانب سے نازل کیا گیا ہے اور اگر تو نے نہ کیا تو تو نے اس کا پیغام نہیں پہنچایا اور اللہ تجھے لوگوں سے بچائے گا۔ بے شک اللہ کافر لوگوں کو ہدایت نہیں دیتا۔‘‘ ٭حقیقت تو یہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہر وہ بات لوگوں تک پہنچادی تھی جس کا آپ کو حکم دیا گیا تھا۔ دین اورعقل کا تقاضا ہر گز اس بات کو تسلیم نہیں کرتاکہ اگر یہ تحریر واقعی ہی اتنی اہم تھی تو رسو ل اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اس کا لکھوانا اس سخت اور تنگ وقت تک مؤخر کرتے اور اگر اس میں تاخیر کر بھی دی تھی تو پھر صرف صحابہ کے اختلاف کی وجہ سے اس کا لکھوانا ترک نہ کرتے۔‘‘[2] رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت میں یہ بات ثابت ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم بسا اوقات اپنے اجتہاد کی وجہ سے کسی مسئلہ میں آپ سے رجوع کرتے مگر آپ ان کی باتوں کی وجہ سے اللہ تعالیٰ کے حکم کو ترک نہیں فرمایا کرتے تھے۔ جیسا کہ حج کو عمرہ میں فسخ کرنے کے بارے میں بعض ان صحابہ نے آپ سے گفتگو کی تھی جو اپنے ساتھ قربانی کا جانور نہیں لائے تھے۔ یہ حجۃ الوداع کا واقعہ ہے۔ ایسے ہی حدیبیہ کے موقع پر بعض صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا آپ سے رجوع کرنا اور حضرت اسامہ رضی اللہ عنہ کی امارت کے مسئلہ پر گفتگو کرنابھی ثابت ہے۔تو پھر کیا یہ تصور کیا جاسکتا ہے کہ آپ اپنے رب کے ایسے حکم کو ان کے اختلاف کی وجہ سے ترک کردیں جو ان سابقہ احکام سے بھی زیادہ عظیم اور اہم ہو؟
Flag Counter