Maktaba Wahhabi

145 - 379
﴿رَبَّنَآ ہَبْ لَنَا مِنْ اَزْوَاجِنَا وَذُرِّیَّاتِنَا قُرَّۃَ اَعْیُنٍ وَّاجْعَلْنَا لِلْمُتَّقِیْنَ اِِمَامًاo﴾ (الفرقان: ۷۴) ’’اے ہمارے پروردگار! تو ہمیں ہماری بیویوں اور اولاد سے آنکھوں کی ٹھنڈک عطا فرما اور ہمیں پرہیزگاروں کا پیشوا بنا۔‘‘ حسن بصری رحمۃ اللہ علیہ کا قول ہے کہ آدمی جب اپنی بیوی اور بچوں کو اللہ کا اطاعت گزار دیکھتاہے تو آنکھ کی ٹھنڈک کے لیے اس سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں ہوسکتی۔ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے: ((إِذَا مَاتَ الْإِنْسَانُ انْقَطَعَ عَنْہُ عَمَلُہُ إِلَّا مِنْ ثَـلَاثَۃٍ إِلَّا مِنْ صَدَقَۃٍ جَارِیَۃٍ أَوْ عِلْمٍ یُّنْتَفَعُ بِہٖ أَوْ وَلَدٍ صَالِحٍ یَدْعُو لَہٗ۔))[1] ’’جب انسان مرجاتاہے تو اس کے سارے کاموں کا سلسلہ بند ہوجاتا ہے اورمرنے کے بعد ان کاموں کا ثواب مسلسل جاری نہیں رہتا مگر تین کاموں کا ثواب بند نہیں ہوتا بلکہ ان کا ثواب برابر جاری رہتا ہے، صدقہ جاریہ، وہ علم جس سے نفع حاصل کیا جائے اورنیک اولاد جو اس کے حق میں دعا کرتی رہے۔‘‘ اے میرے بیٹے! میں تجھے دیکھ رہاہوں کہ تم نماز کی ادائیگی نہیں کرتے ہو ، حالانکہ نماز کے بغیر مسلم ہونے کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا اور نماز ادا نہ کرنا گویا اللہ سے بغاوت وسرکشی کرناہے اور اللہ سے کیے گئے عہد وپیمان کو توڑنا ہے اور اپنے کفر کا اعلان کرنا ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے: ((اَلْعَہْدُ الَّذِی بَیْنَنَا وَبَیْنَہُمْ الصَّلَاۃُ فَمَنْ تَرَکَہَا فَقَدْ کَفَرَ۔))[2] ’’ہمارے اور کافروں کے مابین نماز ہی عہد ہے، تو جس نے نماز چھوڑ دی پس اس نے کفر کیا۔‘‘
Flag Counter