Maktaba Wahhabi

11 - 453
نکاح میں آسانی پیدا کرنے کے لئے شریعت نے متعدد احکامات بیان فرمادئے ۔ عورت کو پردہ کے زیور سے آراستہ کیا تاکہ اس کی عفت وعصمت محفوظ رہے ۔ پھر بچیوں کی تربیت اور ان کی نگہداشت کرنے والے کےلئے جو ترغیبات دیں انہیں پڑھنے کے بعد انسان کا دل خود ہی اسے اس عمل پر ابھارتاہے ۔ اور پھر محرم اور غیر محرم کے اصول وضع کرکے حفاظت وصیانت کا ایسا اہتمام کیا کہ نہ ایسا کوئی انسانی فکر کا تراشیدہ قانون کرسکتاہے اور نہ عمل کرواسکتاہے ۔ اب ہمارے مسلمانوں کو وہ اعلیٰ وارفع تہذیب پسند نہ آئی اور بقول ابن خلدون فکری طور پر غالب کی عادات ، تقالید ، اور رہن سہن ، رسم ورواج کو اپنی زندگی میں رائج کرلیا ۔ اور پھر اسی جاہلیۃ الاولیٰ کی جانب پلٹ گئے ۔ اس وقت سب سے خطرناک معرکہ مسلمانوں کو فکری غلامی سے آزادی دلانے کا ہے ۔اس وقت ہماری قوم ہندو اور مغرب کی ثقافت وتہذیب سے اتنی متاثر ہے جس کی کوئی انتہا نہیں ۔ سہ ماہی البیان کی اس خصوصی اشاعت کا مقصد بھی اس اسلامی ثقافت کا احیاء اور اس کی یا دہانی مقصود ہے کہ کاش ہماری یہ قوم اللہ کے دشمنوں کے اصل ہتھیار اور اس کی اصل چال کو سمجھ سکے ۔ ثقافت کیا ہے؟ ثقافت یا کلچر سے کیا مراد ہے ؟ ثقافت سے مراد کسی قوم یا طبقے کی تہذیب ہے۔ اہل علم نے ثقافت کی تعریف یہ مقرر کی ہے کہ ’’ثقافت اکتسابی یا ارادی یا شعوری طرز عمل کا نام ہے‘‘۔ اکتسابی طرز عمل میں ہماری وہ تمام عادات ، افعال ، خیالات اور رسوم اور اقدار شامل ہیں جن کو ہم ایک منظم معاشرے یا خاندان کے رکن کی حیثیت سے عزیز رکھتے ہیں یا ان پرعمل کرتے ہیں یا ان پر عمل کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ تاہم ثقافت یا کلچر کی کوئی جامع و مانع تعریف آج تک نہیں ہوسکی۔[1] نیز یہ بھی کہا گیا کہ ’’ ثقافت کسی معاشرے میں موجود ان رسم و رواج اور اقدار کے مجمع کو کہا جاتا ہے جن پر اسکے تمام افراد مشترکہ طور پر عمل کرتے ہوں‘‘۔
Flag Counter