یا لاؤڈ اسپیکر میں ٹیپ ریکارڈر چالو کر دیتا ہے لیکن یہ تو پوری جماعت کے ساتھ لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ کا ورد کررہے ہیں ، جب میں چند دنوں کے بعد ممبئی واپس آیا تو وہاں بھی اس کا مشاہدہ کیا اور ایک بار بنارس سے ہوتے ہوئے بھدوہی گیا تو وہاں بھی اس کا نظارہ کیا، اللہ تعالیٰ ہمیں خود ساختہ ذکر واذکار سے بچائے۔آمین
اللہ تعالیٰ کا ہمیشہ ذکر کرنا ، اللہ سے قربت کی دلیل ہے اور جن کے زبان وقلب اللہ کے ذکر سے سدا لبریز رہتے ہیں تو اس سے اللہ کی محبت بڑھتی ہے، شریعت اسلامیہ نے زندگی گزارنے کے کچھ آداب واصول بتلائے ہیں تاکہ بندوں کا رشتہ اللہ تعالیٰ سے جڑا رہے اور وہ ذکر واذکار کا طریقہ ہے، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہر چیز کے آداب اور دعائیں سکھلائیں تاکہ مسلمانوں کا قیمتی وقت ایک اصو ل اور ضابطہ کے تحت گزرے ، صبح سے شام تک بندہ مؤمن کا کیا طریقہ کار ہونا چاہیے اس کی طرف رہنمائی کردی گئی ہے اور اس پہ کاربند ہونے والے کے لیے بے انتہا اجرو ثواب کے وعدے بھی کیے گئے ہیں ، مومن وہی ہے جس کی پوری زندگی سنت رسول کی آئینہ دار ہو ۔
ہر چیز کے انجام دینے کے وقت کی الگ الگ دعائیں ہیں جن کا سیکھنا اور یاد کرنا ہر مسلمان کے لیے ناگزیر ہے تاکہ ان کے ورد کے ذریعے اپنے دلوں کے اندر ایک تازگی اور سکون محسوس کرے، دعا واذکار کے موضوع پر بے شمار کتابیں موجود ہیں جن سے استفادہ کیا جا سکتا ہے لیکن خاص طور سے صبح وشام کی دعائیں بہت ہی اہمیت کی حامل ہیں ، اس لیے مناسب معلوم ہوتا ہے کہ یہاں تحریر کردی جائیں ، انہیں یاد کرلیں اور روزانہ فجر اور عصر کی نماز کے بعدپڑھیں اور گھر والوں اور خصوصاً بچوں کو انہیں یاد کرائیں اور سختی کے ساتھ روزانہ انہیں پڑھنے کی تاکید کریں ۔
|