Maktaba Wahhabi

264 - 281
آج اسلام دیگر ادیانِ عالم یہودیت، نصرانیت، مجوسیت وغیرہ کے مقابلہ میں ہے، ویسے اسلام کا اطلاق ہر دور میں ہوتا تھا۔ اسلام قبول کرنے کے نتائج: اس جگہ اسلام کا مطلب ’’أسلِم‘‘ مسلمان ہو جا کے مفہوم میں ہے، یعنی جو میں دعوت دے رہا ہوں، اسے قبول کر لے ’’تسلَم‘‘ بچ جائے گا، امن و سلامتی میں آجائے گا، تیرا ملک تیرے پاس رہے گا اور آخرت میں جہنم سے بھی بچ جائے گا، ’’یؤتک اللّٰه ‘‘ دوسرا جواب ہے ’’أسْلِمْ‘‘ کا، پہلا جواب ’’تسلم‘‘ تھا، امر کے جواب میں سکون آجاتا ہے، ’’ إنْ ‘‘ محذوف ہوتا ہے: ’’ إنْ تسلم تسلم، إن تسلم یؤتک اللّٰه أجرک مرتین ‘‘ مسلمان ہو جاؤ گے، تو اﷲ تعالیٰ دوہرا اجر دے گا، جیسا کہ دوسری حدیث میں آیا ہے کہ جب اہل کتاب میں سے کوئی مسلمان ہو، اسے دوہرا اجر ملتا ہے، ایک سابقہ نبی پر ایمان لانے کا اور دوسرا نبیٔ حاضر پر ایمان لانے کا۔[1] دوہرے اجر کا مطلب: ’’مرتین‘‘ کا بعض لوگ یہ مطلب بیان کرتے ہیں کہ ایک اجر اسے اس کے ایمان لانے کا اور دوسرا اجر اس طرح کہ اس کی وجہ سے جو دوسرے لوگ ایمان لائیں گے، ان کا بھی اسے اجر ملے گا، یہ گویا تسبب کی شکل ہوگی، سبب بنے گا تو دوہرا اجر ملے گا، کسی نیک عمل کی رسم ڈالے اور اس پر لوگ عمل پیرا ہوں گے، تو اس کا بھی اجر ملے گا۔
Flag Counter