Maktaba Wahhabi

99 - 326
قسموں توحید ربوبیت،توحید الوہیت اور توحید اسماء و صفات کو شامل ہے۔توحید کی یہ قسمیں ایمان کی روح،اس کی اصل اور اس کی غایت ہیں،چنانچہ جس قدر بندے کی اللہ کے اسماء و صفات کی معرفت میں اضافہ ہوگا،اسی قدر اس کے ایمان میں زیادتی اور یقین میں پختگی اور استحکام پیدا ہوگا،لہٰذا بندۂ مومن کو چاہیے کہ اپنی طاقت و مقدور بھر اللہ کے اسماء و صفات کی معرفت حاصل کرے اس طور پر کہ ان کو نہ تو مخلوق کی صفات سے تشبیہ دے،نہ ان کے معنی کی نفی کرے،نہ ان کی کیفیت بیان کرے اور نہ ہی ان میں تحریف و تبدیلی کرے۔[1] دوسرا سبب: ....عمومی طور پر قرآنِ کریم میں غور و تدبر کرنا: کیونکہ (اس میں ) غور و تدبر کرنے والا اس کے علوم و معارف سے استفادہ کرتا ہے جس سے اس کے ایمان میں اضافہ ہوتا ہے،اسی طرح جب وہ قرآن کریم کے نظم و استحکام میں غور کرتا ہے اور یہ کہ قرآنِ کریم کے بیانات باہم ایک دوسرے کی تصدیق اور موافقت کرتے ہیں،ان میں باہم کوئی اختلاف و تعارض نہیں ہے،جب یہ ساری چیزیں سوچتا ہے تو اسے یقین ہوجاتا ہے کہ یہ (کتاب) منزل من جانب اللہ ہے،یہ ایمان کی تقویت کے عظیم ترین اسباب میں سے ہے۔[2] تیسرا سبب: ....نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث کی اور ان میں جن ایمانی علوم و اعمال کی دعوت پائی جاتی ہے ان کی معرفت: یہ ساری چیزیں ایمان کے حصول اور اس کی تقویت کے اسباب میں سے ہیں،چنانچہ جس قدر بندے کی کتاب اللہ اور سنت رسول ( صلی اللہ علیہ وسلم ) کی معرفت میں اضافہ ہوگا،اسی قدر اس کے ایمان و یقین میں اضافہ ہوگا۔ چوتھا سبب: ....نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے اعلیٰ اخلاق اور کامل صفات کی معرفت: کیونکہ جس شخص کو ان چیزوں کی کما حقہ معرفت ہوگی اسے آپ صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کی لائی ہوئی کتاب (قرآن) اور دین حق کی صداقت میں ذرا بھی شک و شبہ نہ ہوگا۔
Flag Counter