پہلا مبحث
اخلاص کا نور
پہلا مطلب:....اخلاص کا مفہوم:
اخلاص کی لغوی تعریف (مفہوم): ....’’ خَلص یخْلص خلوصًا ‘‘ کے معنی صاف ہونے اور آمیزش کے زائل ہوجانے کے ہیں،کہا جاتا ہے: ’’ خلص من ورطتہ‘‘ یعنی وہ اپنے بھنور سے محفوظ رہا اور نجات پاگیا،اور کہا جاتا ہے: ’’ خلصہ تخلیصًا ‘‘ یعنی اس نے اسے چھٹکارا اور نجات دلوائی۔اور اطاعت میں اخلاص کے معنی ریاکاری ترک کر دینے کے ہیں۔[1]
اخلاص کی حقیقت (اصطلاحی تعریف) :....اخلاص کی حقیقت یہ ہے کہ بندہ اپنے عمل سے محض اللہ واحد کی قربت کا طالب ہو۔
اہل علم نے اخلاص کی کئی تعریفیں ذکر کی ہیں جو ایک دوسرے سے قریب قریب ہیں :
۱: ایک تعریف یہ کی گئی ہے کہ اللہ سبحانہ وتعالیٰ کو اطاعت میں تنہا مقصود جاننا اخلاص کہلاتا ہے۔
۲: ایک تعریف یہ کی گئی ہے کہ اخلاص یہ ہے کہ بندہ کے اعمال ظاہر و باطن ہر دو صورت میں برابر ہوں اور ریاکاری یہ ہے کہ بندے کا ظاہر اس کے باطن سے بہتر اور اچھا ہو اور سچا اخلاص یہ ہے کہ بندے کا باطن اس کے ظاہر سے زیادہ پختہ اور پائیدار (بارونق) ہو۔
۳: ایک تعریف یہ کی گئی ہے کہ عمل کو ہر طرح کی آمیزش سے پاک و صاف رکھنا اخلاص کہلاتا ہے۔[2]
|