Maktaba Wahhabi

124 - 393
انھوں نے بہت اور اچھا قرار دیا، لیکن مجھے غم اس بات کا ہے کہ میرے پاس ولیمہ کے لیے کچھ نہیں ہے، آپ نے ارشاد فرمایا:بریدہ ان کے لیے ایک بکری کا انتظام کرو، انھوں نے میرے لیے ایک بڑی اور موٹی تازی بکری کا انتظام کیا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے فرمایا کہ عائشہ رضی اللہ عنہا کے پاس جاؤ اور ان سے کہو کہ وہ اس ٹوکرے کو بھیج دیں، جس میں کھانے کا سامان رکھا ہوا ہے، میں نے ان کی خدمت میں حاضر ہو کر وہ عرض کیا، جس کا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے حکم دیا تھا، انھوں نے فرمایا کہ یہ ٹوکرا ہے اور اس میں نو صاع جو ہیں، واللہ! ہمارے پاس اس کے سوا کھانے کا کوئی اور سامان نہیں، تم اسے لے لو، میں اسے لے کر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوگیا اور آپ کو حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کی بات بھی بتائی، آپ نے فرمایا کہ یہ ان کے پاس لے جاؤ اور کہو کہ اس کی روٹیاں بناؤ، میں اسے ان کے پاس لے گیا، بکری کو بھی لے گیا، میرے ساتھ خاندانِ اسلم کے کچھ لوگ بھی تھے، میں نے کہا کہ تم اس کی روٹیاں بناؤ اور یہ بکری ہے، اس کا گوشت پکاؤ، انھوں نے جواب دیا کہ روٹیاں تو ہم تمھیں بنادیں گے البتہ بکری کا معاملہ تمہارے سپرد، میں نے اور خاندانِ اسلم کے لوگوں نے بکری کو ذبح کیا، اس کی کھال اتاری اور اسے ہم نے پکایا، اس طرح ہمارے پاس روٹی اور گوشت تیار ہوگیا، جس کا میں نے ولیمہ کیا اور اس ولیمہ میں میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو بھی دعوت دی، پھر انھوں نے یہ بھی کہا کہ اس کے بعد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے زمین بھی عطا فرمادی تھی۔ [1]
Flag Counter