Maktaba Wahhabi

94 - 308
﴿وضاحت: مردوں کو پہلے تین چکروں میں تھوڑا تیز تیز سینہ نکال کر طواف کرنا چاہیے دورانِ طواف اﷲ تعالیٰ کی تسبیح و حمد بیان کرتے رہنا چاہیے۔ فضول باتیں کرنے سے ثواب کم ہو جاتا ہے(فتح الباری)﴾ 293۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہم کو منیٰ میں دو رکعت نماز (قصر) پڑھائی اس وقت ہماری تعداد بہت زیادہ تھی اور ہم بہت محفوظ بھی تھے۔ (عن حارثہ رضی اللہ عنہ ) 294۔ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ کو یہ حکم دیا کہ قربانی کے اونٹ جن کو میں نے نحر کیا ان کی جھولیں اور کھا لیں فقیروں کو خیرات کر دوں۔ (عن علی رضی اللہ عنہ ) ﴿وضاحت: قصائی کو قربانی کے جانور کی اجرت نقد دینی چاہیے اجرت میں جھول یا کھال نہ دیں یہ غریبوں کا حق ہے (فتح الباری) ﴾ ........ نوٹ :۔ اسی طرح صدقہ اور عقیقہ کے بکروں کی کھال بھی فروخت کر کے یہ پیسہ غریبوں میں تقسیم کر دیں۔ 295۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا گیا قربانی سے پہلے کوئی سر منڈالے یا ایسا ہی کوئی کام آگے پیچھے کر لے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’کوئی قباحت نہیں ‘‘۔(عن ابن عباس رضی اللہ عنہما ) ﴿وضاحت: قربانی کے دن (10 ذو الحجہ) مزدلفہ سے منیٰ آکر چار کام کئے جاتے ہیں : 1۔ رمی 2۔ قربانی 3۔ حلق یا قصر4۔ طواف الزیارہ (طواف افاضہ) کرنا اسی ترتیب سے سنت ہے لیکن فرض نہیں ہے۔ کوئی کام آگے پیچھے ہو جائے تو کوئی حرج نہیں (فتح الباری)﴾ 296۔ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اے اﷲ! سر منڈانے والوں کو بخش دے۔ لوگوں نے عرض کیا اور بال کٹوانے والوں کو؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: یا اﷲ! سر منڈانے والوں کو بخش دے۔ لوگوں نے عرض کیا اور بال کٹوانے والوں کو؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے تین بار یہی فرمایا بال منڈانے والوں کو۔ پھر چوتھی بار بھی میں نے یہی عرض کیا تو فرمایا اور بال کٹوانے والوں کو بھی بخش دے۔ (عن ابی ہریرہ رضی اللہ عنہ )۔۔۔۔۔ ﴿وضاحت: حج اور عمرہ کے موقع پر پورے سر کے بالوں کا منڈوانا افضل ہے اس لئے کہ یہ خضوع و خشوع ا ور صدق نیت پر دلالت کرتا ہے (فتح الباری)﴾
Flag Counter