Maktaba Wahhabi

199 - 308
﴿وضاحت :جب دل میں اکتاہٹ پیدا ہوجائے تو قرآن کریم کو نہیں پڑھنا چاہئے۔بعد میں آرام کرکے کسی دو سرے وقت میں پڑھ لیں ﴾ کتا ب ا لنکاح .... نکاح کا بیان 620۔حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے کہا کہ تین آدمی رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کی ازواج مطہرات کے گھر پر آئے انہوں نے رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کی عبادت کے متعلق دریافت کیا جب انہیں بتایاگیاتوانہوں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی عبادت کو بہت کم خیال کیا پھر کہنے لگے ہم آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی کب برابری کر سکتے ہیں کیونکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے تو اگلے پچھلے سب گناہ معاف کر دیئے گئے ہیں چنانچہ ان میں سے ایک کہنے لگا میں تو عمر بھر پوری پوری رات نماز پڑھتا رہوں گا دو سرے نے کہا کہ میں ہمیشہ روزہ دار رہوں گا اور کبھی ناغہ نہیں کروں گا اور تیسرے نے کہا میں تمام عمر عورتوں سے کنارہ کش رہوں گا اور کبھی شادی نہیں کروں گا اس گفتگو کی اطلاع جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو ملی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم ان کے پاس تشریف لائے اور فرمایا:’’ تم لوگوں نے ایسی ایسی باتیں کی ہیں۔اﷲ کی قسم ! میں تمہاری نسبت اﷲ سے زیادہ ڈرنے والا اور تقویٰ اختیار کرنے والا ہوں لیکن میں روزے رکھتا بھی ہوں اورنہیں بھی رکھتا۔ رات کو نماز بھی پڑھتا ہوں اورسوتا بھی ہوں نیز عورتوں سے نکاح بھی کرتا ہوں۔ آگاہ رہو جو شخص میرے طریقے سے انحراف کرے گا وہ مجھ سے نہیں ‘‘ ﴿وضاحت : اس حدیث میں سنت سے مراد طریق نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ہے جو اس سے روگردانی کرتا ہے وہ دائرہ اسلام سے خارج ہے مطلب یہ ہے کہ جو انسان نکاح کے متعلق طریقہ نبویہ کو نظر انداز کر کے مجردانہ (کنوارا) زندگی بسر کرتا ہے اور رہبانیت چاہتا ہے وہ ہم میں سے نہیں ہے (فتح الباری)﴾ 621۔حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ نے کہا کہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت عثمان بن مظعون رضی اللہ عنہ کو ترکِ نکاح (کنوارا رہنے)سے منع فرما یا تھا اگر آپ صلی اللہ علیہ وسلم اسے نکاح کے بغیر رہنے کی اجا زت دے دیتے توہم (شا ید)خصی ہونا پسند کرتے۔
Flag Counter